مضامین

رَمَضانُ المقدس باطن کی تطہیر، معاشرے کی تعمیر

✍۔مسعود محبوب خان (ممبئی)
09422724040

رَمَضانُ المبارک کو اگر محض ایّامِ معدودات، سحر و افطار کی ساعتوں اور چند ظاہری اعمال تک محدود کر دیا جائے تو یہ اس عظیم مہینے کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ حقیقت یہ ہے کہ رَمَضان ایک ہمہ جہت تربیتی نظام اور ایک ایسا جامع نصابِ حیات ہے جو انسان کی ظاہری و باطنی اصلاح کو یکجا کر کے اسے فرد سے جماعت اور جماعت سے اُمّت کی سطح تک لے جاتا ہے۔ یہ مہینہ انسان کے باطن میں ایک خاموش مگر گہرا انقلاب برپا کرتا ہے۔ روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں، بلکہ خواہشاتِ نفس کی تہذیب، ارادے کی مضبوطی اور ضمیر کی بیداری کا ذریعہ ہے۔ انسان دن بھر جائز خواہشات سے رک کر یہ سیکھتا ہے کہ وہ اپنے ربّ کے حکم کے سامنے کس طرح سرِ تسلیم خم کرے۔ یہی ضبطِ نفس، یہی احساسِ جواب دہی، انسان کو محض عبادت گزار نہیں بلکہ اخلاقی طور پر ذمّہ دار انسان بناتا ہے۔

رَمَضان میں عبادات کی کثرت محض عددی اضافہ نہیں بلکہ کیفیت کی بلندی کا پیغام دیتی ہے۔ قرآن سے تعلق محض تلاوت تک محدود نہیں رہتا بلکہ فکر و تدبّر کے دروازے کھلتے ہیں۔ بندہ اپنے ربّ سے مکالمہ کرتا ہے، اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرتا ہے اور اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے رہنمائی طلب کرتا ہے۔ یوں رَمَضان انسان کو اس کے خالق سے جوڑ کر اس کے وجود کو مقصدیت عطاء کرتا ہے۔ لیکن رَمَضان کی تربیت فرد تک محدود نہیں رہتی۔ افطار کی دسترخوان، زکوٰۃ و صدقات، فطرانہ اور غرباء و مساکین کی خبرگیری یہ سب اس بات کا اعلان ہیں کہ اسلام کی روح اجتماعیت ہے۔ رَمَضان انسان کو اپنی ذات کے حصار سے نکال کر معاشرے کی ذمّہ داریوں سے آشنا کرتا ہے۔ وہ بھوک کے احساس کے ذریعے محروم طبقات کے درد کو سمجھتا ہے اور عدل، ہمدردی اور ایثار کو محض تصورات نہیں بلکہ عملی اقدار میں ڈھالنے کی مشق کرتا ہے۔

درحقیقت رَمَضان ایک ایسا مدرسہ ہے جہاں فرد کی تربیت اس مقصد کے تحت ہوتی ہے کہ وہ ایک بامقصد جماعت کا حصّہ بن سکے۔ یہ مہینہ سکھاتا ہے کہ تقویٰ صرف انفرادی نجات کا ذریعہ نہیں بلکہ اجتماعی اصلاح کی بنیاد بھی ہے۔ اگر افراد تقویٰ، نظم و ضبط اور احساسِ ذمّہ داری کے اوصاف سے آراستہ ہو جائیں تو ایک بیدار اور باوقار قوم کی تشکیل ناگزیر ہو جاتی ہے۔ اسی لیے اگر رَمَضان کو صحیح معنوں میں سمجھا جائے اور اس کی روح کے ساتھ جیا جائے تو یہ محض عبادت کا موسم نہیں رہتا بلکہ تعمیرِ انسان اور تشکیلِ اُمّت کا نقطۂ آغاز بن جاتا ہے۔ یہ ایک فرد کو صالح بناتا ہے اور صالح افراد کے ذریعے ایک ایسی جماعت وجود میں لاتا ہے جو زمانے کو سمت دینے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ رَمَضان دراصل انسان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ حقیقی روزہ صرف دن بھر بھوکا رہنا نہیں بلکہ پوری زندگی کو ربّ کی مرضی کے تابع کر دینا ہے۔

تزکیۂ نفس: رَمَضان کا پہلا زینہ

تزکیۂ نفس اسلام کے فکری و عملی نظام کی بنیاد ہے۔ قرآنِ مجید انسان کی کامیابی کو کسی ظاہری معیار یا مادی برتری سے نہیں، بلکہ باطن کی پاکیزگی سے وابستہ کرتا ہے:
"قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا” یعنی حقیقی فلاح اسی کے لیے ہے جس نے اپنے نفس کو سنوارا، نکھارا اور آلودگیوں سے پاک کیا۔ اس قرآنی اعلان میں یہ حقیقت مضمر ہے کہ انسان کی اصلاح کا آغاز باہر سے نہیں، اندر سے ہوتا ہے، اور جب باطن سنور جاتا ہے تو ظاہر خود بخود راہِ راست پر آ جاتا ہے۔

رَمَضان اسی باطنی انقلاب کا سب سے مؤثر اور جامع ذریعہ ہے۔ یہ مہینہ نفس کی سرکشی کو لگام دینے اور خواہشات کے طوفان کو نظم و ضبط میں لانے کی عملی تربیت گاہ ہے۔ روزہ محض کھانے پینے سے رک جانے کا نام نہیں، بلکہ یہ اس بات کی مسلسل مشق ہے کہ انسان اپنی ہر چاہت پر ربّ کی رضا کو ترجیح دے۔ دن بھر حلال اور جائز چیزوں سے رک جانا دراصل اس بات کا اعلان ہے کہ بندہ حرام سے بچنے کا حوصلہ اور قوت اپنے اندر پیدا کر رہا ہے۔

بھوک انسان کے اندر عاجزی اور انکسار پیدا کرتی ہے۔ وہ اپنے ضعف اور محتاجی کا احساس کرتا ہے اور جان لیتا ہے کہ قوت، اختیار اور آسودگی سب عارضی ہیں۔ یہی احساسِ کم مائیگی دل کو نرم کرتا ہے اور غرور و تکبر کی دیواروں میں دراڑ ڈال دیتا ہے۔ اسی طرح روزے کی خاموشی محض زبان کی بندش نہیں بلکہ دل و دماغ کو قابو میں رکھنے کی تربیت ہے؛ یہ ضبطِ نفس کا وہ سبق ہے جو انسان کو غصّے، شکایت اور لغویات سے بچنا سکھاتا ہے۔

رَمَضان میں عبادات کی کثرت نماز، تلاوتِ قرآن، دعا اور استغفار دل کو ایک مسلسل روحانی غسل فراہم کرتی ہے۔ گناہوں کی گرد جو سال بھر دل پر جم جاتی ہے، وہ ان لمحاتِ بندگی میں دھلنے لگتی ہے۔ قرآن سے قربت انسان کو اس کے مقصدِ حیات کی یاد دہانی کراتی ہے اور دل میں یہ یقین راسخ کرتی ہے کہ اصل کامیابی نفس کی خواہشات کو مطمئن کرنے میں نہیں، بلکہ ربّ کے حکم کے سامنے جھک جانے میں ہے۔

یوں رَمَضان تزکیۂ نفس کا پہلا اور بنیادی زینہ بن جاتا ہے۔ یہ انسان کو اپنی ذات کے اندھیرے گوشوں سے روشناس کراتا ہے اور اسے خود احتسابی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔ جو شخص اس مہینے میں اپنے نفس کو قابو میں کرنے کی مشق کر لیتا ہے، وہ رَمَضان کے بعد بھی تقویٰ کی اس روشنی کو اپنے ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت پیدا کر لیتا ہے۔ درحقیقت یہی تزکیۂ نفس وہ بنیاد ہے جس پر صالح کردار، پاکیزہ معاشرہ اور بامقصد اُمّت کی عمارت استوار ہوتی ہے۔

نماز، تلاوتِ قرآن، ذکر و دعا اور قیام اللیل یہ سب مل کر انسان کے اندر ایک نئی روح پھونکتے ہیں۔ رَمَضان میں مومن خود کو اللّٰہ کے حضور زیادہ جواب دہ محسوس کرتا ہے، اور یہی احساسِ جواب دہی تزکیۂ نفس کی بنیاد بنتا ہے۔

اخلاقی تربیت اور کردار سازی

تزکیۂ نفس اگر رَمَضان کی بنیاد ہے تو اخلاقی تربیت اس کا فطری اور ناگزیر ثمرہ ہے۔ اسلام میں اخلاق محض چند پسندیدہ عادات کا مجموعہ نہیں، بلکہ ایک ایسا ہمہ گیر نظامِ اقدار ہے جو انسان کے ظاہر و باطن دونوں کو سنوارتا ہے۔ اسی لیے رسولِ اکرمﷺ نے روزے کو محض بھوک پیاس کی عبادت نہیں، بلکہ صبر، حلم اور برداشت کی عملی تربیت قرار دیا۔ روزہ انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ وہ اشتعال کے لمحے میں خود پر قابو رکھے، اور ردِّ عمل کے بجائے ضبط اور وقار کو اختیار کرے۔ رَمَضان کے ایّام میں انسان بار بار ایسے حالات سے گزرتا ہے جہاں اس کے صبر کا امتحان ہوتا ہے۔ بھوک اور تھکن کے باوجود وہ غصّے سے اجتناب کرتا ہے، تلخ کلامی سے بچتا ہے اور دوسروں کی خطاؤں کو نظر انداز کرنے کی مشق کرتا ہے۔ یہی مسلسل مشق اس کے مزاج میں حلم پیدا کرتی ہے اور اسے احساس دلاتی ہے کہ اصل قوت غلبے میں نہیں بلکہ خود پر قابو پانے میں ہے۔

یہ مہینہ انسان کو حسد، حرص اور خود غرضی جیسے باطنی امراض سے نجات کی راہ دکھاتا ہے۔ روزہ خواہشات کو محدود کر کے دل میں قناعت اور شکر کا ذوق بیدار کرتا ہے۔ انسان سیکھتا ہے کہ دوسروں کی نعمتوں پر نگاہِ حسرت ڈالنے کے بجائے اپنے ربّ کی عطاؤں پر قانع رہے، اور اپنی ذات کے گرد گھومنے کے بجائے دوسروں کے لیے جینے کا حوصلہ پیدا کرے۔ جب تزکیۂ نفس کی یہ کیفیت اخلاقی رویّوں میں ڈھلنے لگتی ہے تو انسان جھوٹ، غیبت، بددیانتی اور ظلم سے رکنے لگتا ہے۔ اس کے معاملات میں دیانت آتی ہے، گفتگو میں سچائی اور تعلقات میں عدل و رحم کا رنگ نمایاں ہونے لگتا ہے۔ یہ تبدیلی بظاہر ایک فرد سے شروع ہوتی ہے، مگر اس کے اثرات فرد کی ذات تک محدود نہیں رہتے۔ جب کئی افراد ایک ہی اخلاقی معیار کو اپناتے ہیں تو رفتہ رفتہ ایک ایسا اجتماعی ماحول تشکیل پاتا ہے جہاں برائی اجنبی اور بھلائی معروف بن جاتی ہے۔

درحقیقت اخلاقی تربیت فرد اور معاشرے کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ ایک پاکیزہ نفس ہی صالح کردار کو جنم دیتا ہے، اور صالح کردار ہی اعتماد، انصاف اور باہمی احترام پر مبنی معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔ رَمَضان انسان کو یہی شعور عطا کرتا ہے کہ عبادت کا اصل مقصد محض انفرادی نجات نہیں، بلکہ ایسا کردار تشکیل دینا ہے جو دوسروں کے لیے رحمت اور معاشرے کے لیے استحکام کا ذریعہ بنے۔ یوں رَمَضان اخلاقی تعمیر کا وہ مدرسہ ہے جہاں سے نکلنے والا فرد اپنے کردار سے خاموش دعوت دیتا ہے اور اپنے عمل سے دین کی صداقت کو آشکار کرتا ہے۔

سماجی شعور اور احساسِ ذمّہ داری

رَمَضانُ المبارک کا پیغام عبادت گاہ کی خاموش فضاؤں تک محدود نہیں رہتا، بلکہ مسجد سے نکل کر گلیوں، بازاروں اور معاشرتی زندگی کے ہر گوشے میں سرایت کر جاتا ہے۔ یہ مہینہ انسان کو محض اپنے ربّ سے قریب نہیں کرتا، بلکہ اسے بندگانِ خدا کے ساتھ اپنے رشتے کا بھی شعور عطاء کرتا ہے۔ رَمَضان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دینِ اسلام فرد کی نجات ہی نہیں، بلکہ معاشرے کی فلاح کا بھی ضامن ہے۔ روزے کی بھوک اور پیاس محض جسمانی کیفیت نہیں، بلکہ ایک گہرا سماجی پیغام رکھتی ہے۔ یہ انسان کو اُن کروڑوں محروم انسانوں کے درد سے آشنا کرتی ہے جن کے لیے بھوک کوئی عارضی عبادت نہیں بلکہ روزمرّہ کی تلخ حقیقت ہے۔ جب صاحبِ حیثیت انسان افطار کے وقت پانی کے ایک گھونٹ کی قدر کو محسوس کرتا ہے تو اس کے دل میں محرومی کا احساس بیدار ہوتا ہے، اور یہی احساس سماجی ہمدردی کی بنیاد بنتا ہے۔ انسان جان لیتا ہے کہ آسودگی ایک نعمت ہے اور محرومی ایک امتحان۔اور دونوں کے درمیان ایک اخلاقی ذمّہ داری حائل ہے۔

زکوٰۃ، صدقات اور فطرانہ اسی شعور کو عملی صورت دیتے ہیں۔ یہ محض مالی عبادات نہیں، بلکہ معاشرتی عدل اور معاشی توازن کے مؤثر ذرائع ہیں۔ رَمَضان انسان کو سکھاتا ہے کہ اس کی دولت پر صرف اس کا حق نہیں، بلکہ محروموں اور ضرورت مندوں کا بھی حق ہے۔ جب ہاتھ دینے کے لیے اٹھتا ہے تو دل بھی کھلتا ہے، اور خود غرضی کی جگہ ایثار، اور بے حسی کی جگہ احساسِ ذمّہ داری جنم لیتی ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں تزکیۂ نفس سماجی خدمت میں ڈھل جاتا ہے۔ فرد اپنی عبادت کو محض ذاتی نجات کا ذریعہ نہیں سمجھتا، بلکہ اُمّت کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد ماننے لگتا ہے۔ وہ جان لیتا ہے کہ ایک بھوکا ہمسایہ، ایک مظلوم انسان یا ایک بے سہارا خاندان اس کے ایمان کا امتحان ہے۔ یوں رَمَضان انسان کو اجتماعیت کی طرف لے جاتا ہے اور اسے امت کے جسدِ واحد کا ایک ذمہ دار عضو بنا دیتا ہے۔

درحقیقت رَمَضان ہمیں یہ بنیادی سبق دیتا ہے کہ ایمان صرف نماز، روزہ اور تلاوت کا نام نہیں، بلکہ انسان دوستی، عدل اور خیر خواہی کا تقاضا بھی کرتا ہے۔ وہ ایمان جو انسان کو دوسرے انسان کے درد سے بے خبر رکھے، نامکمل ہے۔ رَمَضان اسی نامکمل ایمان کو مکمل کرنے آتا ہے؛ ایسا ایمان جو عبادت میں اخلاص اور معاشرت میں عدل، دونوں کو یکجا کر دے۔ یہی سماجی شعور اور احساسِ ذمّہ داری وہ روح ہے جو فرد کو باکردار اور معاشرے کو باوقار بناتی ہے۔

تعمیرِ اُمّت: رَمَضان کا اجتماعی ہدف

جب تزکیۂ نفس کی روشنی، اخلاقی بلندی کی حرارت اور سماجی شعور کی وسعت ایک ہی شخصیت میں جمع ہو جائیں تو یہ محض ایک نیک فرد کی تشکیل نہیں رہتی، بلکہ ایک زندہ اور بامقصد اُمّت کی تعمیر کا نقطۂ آغاز بن جاتی ہے۔ رَمَضان اسی جامع تربیت کا مہینہ ہے، جس میں فرد کی اصلاح کو اجتماعی بیداری سے جوڑ دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام میں عبادت کبھی فرد کو معاشرے سے کاٹ کر نہیں دیکھتی، بلکہ اسے اُمّت کے وجود میں ضم کر کے ایک بڑے مقصد کا حصّہ بناتی ہے۔ تاریخِ اسلام اس حقیقت پر شاہد ہے کہ رَمَضان محض روحانی لذتوں اور انفرادی عبادات کا زمانہ نہیں رہا، بلکہ یہ بڑے فیصلوں، عظیم قربانیوں اور انقلابی اقدامات کا مہینہ بھی رہا ہے۔ اسی مہینے میں حق و باطل کے معرکے سر ہوئے، اسی میں عزم و یقین نے تاریخ کا رخ موڑا، اور اسی میں کمزور نظر آنے والی جماعتیں ایمان کی قوت سے طاقت ور قوتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن گئیں۔ یہ سب اس لیے ممکن ہوا کہ رَمَضان نے افراد کو محض عبادت گزار نہیں، بلکہ صاحبِ کردار اور صاحبِ مقصد بنا دیا تھا۔

ایک تزکیہ یافتہ فرد ظلم کے سامنے خاموش نہیں رہ سکتا۔ اس کا صاف دل اور بیدار ضمیر اسے مجبور کرتا ہے کہ وہ ناانصافی کے خلاف کھڑا ہو، حق کے لیے آواز بلند کرے اور باطل کے آگے جھکنے سے انکار کر دے۔ وہ جان لیتا ہے کہ خاموشی بھی بعض اوقات ظلم کی تائید بن جاتی ہے، اور ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ حق کی گواہی دی جائے، خواہ اس کی قیمت کچھ بھی ہو۔ رَمَضان اسی جرأتِ ایمانی کی تربیت کرتا ہے ایسی جرأت جو غصّے سے نہیں، شعور اور تقویٰ سے جنم لیتی ہے۔ جب ایسے بیدار اور ذمہ دار افراد ایک دوسرے سے جڑتے ہیں تو ایک باعمل جماعت وجود میں آتی ہے، اور یہی جماعت آگے چل کر ایک بیدار اُمّت کی صورت اختیار کرتی ہے۔ اس اُمّت کی شناخت محض تعداد یا ظاہری قوت سے نہیں ہوتی، بلکہ اس کے اخلاق، اس کے عدل اور اس کے مقصد سے ہوتی ہے۔ یہ اُمّت اپنے وجود سے انسانیت کے لیے خیر کا پیغام بنتی ہے اور اپنے کردار سے تاریخ میں سمت متعین کرتی ہے۔

درحقیقت رَمَضان کا اجتماعی ہدف یہی ہے کہ وہ فرد کی اصلاح کو اُمّت کی تعمیر سے ہم آہنگ کر دے۔ یہ مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم نے اپنے باطن کو سنوار لیا، اپنے اخلاق کو بلند کر لیا اور اپنے سماجی فرائض کو پہچان لیا، تو اُمّت کی زبوں حالی محض تقدیر نہیں رہے گی۔ رَمَضان ہمیں ایک نئے عزم کے ساتھ یہ پیغام دیتا ہے کہ صالح افراد ہی تاریخ بناتے ہیں، اور تاریخ ہمیشہ بیدار، باوقار اور باعمل اُمّت کے قدموں کے نشان محفوظ رکھتی ہے۔

رسم سے روح، فرد سے اُمّت تک

عصرِ حاضر کا سب سے گہرا اور تکلیف دہ المیہ یہ ہے کہ ہم نے رَمَضان جیسے ہمہ گیر اور انقلابی مہینے کو رفتہ رفتہ محض ایک مذہبی رسم میں محدود کر دیا ہے۔ سحر و افطار کی ترتیب، مساجد کی رونق اور چند وقتی جذباتی کیفیتیں تو موجود ہوتی ہیں، مگر وہ روح جو انسان کی ترجیحات بدل دے، اس کے اخلاق کو نکھار دے اور اس کے سماجی رویّوں کو نئی سمت عطاء کرے اکثر غائب نظر آتی ہے۔ رَمَضان گزر جاتا ہے، مگر زندگی کا دھارا وہیں کا وہیں رہتا ہے، اور یہی وہ لمحہ ہے جب یہ مقدّس مہینہ خاموش مگر کڑا سوال ہمارے سامنے رکھ دیتا ہے: ہم نے رَمَضان سے آخر پایا کیا؟

اگر رَمَضان کے بعد بھی ہمارے رویّوں میں وہی سختی، معاملات میں وہی بے ایمانی، زبان میں وہی تلخی اور سماج کے تئیں وہی بے حسی باقی رہے، تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہم نے اس مہینے کو جیا نہیں، صرف گزار دیا۔ عبادت اگر زندگی پر اثر انداز نہ ہو تو وہ رسم تو بن سکتی ہے، انقلاب نہیں۔ رَمَضان ہمیں اسی رسمیت سے نکال کر روحانیت کی اس سطح تک لے جانا چاہتا ہے جہاں ایمان صرف جذبات کا نہیں بلکہ کردار کا نام بن جائے۔ اصل کامیابی یہ نہیں کہ رَمَضان میں تقویٰ عروج پر ہو اور اس کے بعد زوال کا شکار ہو جائے، بلکہ حقیقی کامیابی یہ ہے کہ رَمَضان کے بعد بھی تقویٰ زندگی کا مستقل مزاج بن جائے۔ نمازوں کی پابندی وقتی جوش نہیں بلکہ دائمی عہد بنے، قرآن سے تعلق موسمی نہیں بلکہ فکری و عملی رہنمائی کی صورت اختیار کرے، اور سماج کے تئیں ذمّہ داری کا احساس کسی خاص مہینے تک محدود نہ رہے بلکہ پوری زندگی میں جاری رہے۔

یہی تسلسل وہ پل ہے جو فرد کے تزکیۂ نفس کو اُمّت کی تعمیر سے جوڑ دیتا ہے۔ جب فرد اپنی اصلاح کو مستقل بنا لیتا ہے تو اس کے اثرات لازماً اس کے گھر، محلے اور معاشرے تک پہنچتے ہیں۔ یوں ایک فرد کی تبدیلی کئی دلوں کو متاثر کرتی ہے، اور رفتہ رفتہ یہی انفرادی اصلاح اجتماعی بیداری میں ڈھل جاتی ہے۔ درحقیقت رَمَضان ہمیں رسم سے روح، اور فرد سے اُمّت تک کا سفر سکھاتا ہے۔ یہ مہینہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دین کسی مخصوص وقت یا جگہ کا نام نہیں، بلکہ ایک ہمہ گیر طرزِ حیات ہے۔ اگر ہم نے رَمَضان کو اس کی اصل روح کے ساتھ قبول کر لیا تو یہ مہینہ گزرنے کے بعد بھی ہمارے اندر زندہ رہے گا اور یہی وہ زندگی ہے جو فرد کو باکردار اور اُمّت کو باوقار بنا دیتی ہے۔

رَمَضانُ المبارک محض ایک مقدّس مہینہ نہیں، بلکہ ایک ہمہ گیر انقلابی دعوت ہے ایسی دعوت جو انسان کو اس کی غفلت سے جھنجھوڑتی ہے، اس کے باطن کو بیدار کرتی ہے اور اسے اس کے اصل مقام اور مقصد سے آشنا کرتی ہے۔ یہ دعوت سب سے پہلے انسان کے اپنے نفس کی طرف متوجہ ہوتی ہے، کیونکہ اسلام کے نزدیک کسی بھی بڑی تبدیلی کا آغاز اندر سے ہوتا ہے۔ جب تک نفس کی تطہیر نہ ہو، کردار کی اصلاح ممکن نہیں، اور جب تک کردار سنور نہ جائے، اجتماعی احیاء ایک خواب ہی رہتا ہے۔ رَمَضان انسان کو اپنے نفس کے سامنے کھڑا کر دیتا ہے۔ وہ اسے یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ اس کی خواہشات، اس کے معمولات اور اس کی ترجیحات کس حد تک ربّ کی رضا کے تابع ہیں۔ روزہ، قیام، تلاوت اور دعا سب مل کر نفس کی آلودگیوں کو دھونے اور دل کو تقویٰ کی روشنی سے منوّر کرنے کا ذریعہ بنتے ہیں۔ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں انسان محض گناہوں سے بچنے والا نہیں رہتا، بلکہ خیر کو اپنانے والا اور شر سے نفرت کرنے والا بن جاتا ہے۔

تزکیۂ نفس کے بعد رَمَضان کا دوسرا عظیم مقصد کردار کی تعمیر ہے۔ یہ مہینہ انسان کو سچائی، امانت، صبر، عدل اور رحم جیسے اوصاف کو صرف پڑھنے یا سننے تک محدود نہیں رکھتا، بلکہ انہیں عملی زندگی میں برتنے کی مشق کراتا ہے۔ جب روزہ دار جھوٹ، غیبت اور ظلم سے خود کو روکتا ہے تو اس کا کردار خاموشی سے سنورنے لگتا ہے۔ یہی سنوارا ہوا کردار اس کے گھر، اس کے کاروبار اور اس کے سماجی تعلقات میں جھلکنے لگتا ہے۔ جب فرد کا کردار نکھرتا ہے تو اس کا دائرہ اثر وسیع ہو جاتا ہے۔ خاندان مضبوط ہوتے ہیں، کیونکہ تعلقات کی بنیاد خود غرضی کے بجائے ایثار اور ذمّہ داری پر قائم ہونے لگتی ہے۔ گھروں میں عدل، شفقت اور اعتماد کی فضاء جنم لیتی ہے، اور یہی مضبوط خاندان ایک صحت مند معاشرے کی اساس بنتے ہیں۔ یوں رَمَضان کی انفرادی تربیت رفتہ رفتہ اجتماعی استحکام میں ڈھل جاتی ہے۔

آخرکار یہ سفر اُمّت کی طرف جاتا ہے۔ ایک ایسی اُمّت جو اپنے مقصدِ وجود سے غافل ہو جائے، محض تعداد کا ہجوم تو بن سکتی ہے مگر تاریخ کی رہنما نہیں۔ رَمَضان اُمّت کو اس کے اصل منصب عدل کی گواہی، خیر کی دعوت اور انسانیت کی رہنمائی کی یاد دہانی کراتا ہے۔ جب تزکیہ یافتہ افراد، مضبوط خاندانوں کی صورت میں جڑتے ہیں تو ایک باوقار، باعمل اور باخبر اُمّت وجود میں آتی ہے، جو حالات کے ہاتھوں بہنے کے بجائے تاریخ کا رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ درحقیقت اگر ہم نے رَمَضان کو صحیح معنوں میں سمجھ لیا اور اس کی روح کو اپنی زندگیوں میں اتار لیا تو یہ مہینہ محض گزرنے والا وقت نہیں رہے گا، بلکہ ایک دائمی تبدیلی کا نقطۂ آغاز بن جائے گا۔ فرد سنورے گا، خاندان مضبوط ہوں گے اور اُمّت ایک بار پھر اپنے اصل مقصد کی طرف لوٹ آئے گی۔ یہی رَمَضان کا پیغام ہے، یہی اس کی روح، اور یہی اس کا سب سے بڑا تحفہ! ایسا تحفہ جو اگر سنبھال لیا جائے تو دنیا و آخرت دونوں سنور سکتی ہیں۔

✒️ Masood M. Khan (Mumbai)
📧masood.media4040@gmail.com

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!