مُدکھیڑ میونسپل کونسل انتخابات: سابق صدر مجیب انصاری جہانگیر دار کی دختر صوفیہ انجم آزاد امیدوار کی حیثیت سے میدان میں

مُدکھیڑ : محمد حکیم/
مُدکھیڑ میونسپل کونسل کے آنے والے انتخابات میں اب کی بار بھی دلچسپ سہ رخی مقابلہ دیکھنے کو ملنے والا ہے۔ سابق صدرِ میونسپل کونسل حاجی مجیب انصاری جہانگیر دار نے اعلان کیا ہے کہ اس بار وہ اپنی دختر صوفیہ انجم مجیب انصاری جہانگیر دار کو صدر میونسپل کونسل کے عہدے کے لیے آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے میدان میں اتاریں گے۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ 2017 کے مُدکھیڑ میونسپل کونسل انتخابات میں کانگریس، بی جے پی اور آزاد اُمیدواروں کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوا تھا، جس میں کانگریس کی جانب سے سنیل شیٹے، بی جے پی کی جانب سے دینیش شیٹے اور آزاد حیثیت سے مجیب جہانگیر دار میدان میں تھے۔ اُس وقت براہِ راست عوامی ووٹنگ کے ذریعے مجیب جہانگیر دار کو سب سے زیادہ ووٹ ملے اور وہ دونوں پارٹی امیدواروں کو شکست دے کر مُدکھیڑ کے عوامی منتخب صدر بنے۔
اس بار صدر میونسپل کونسل کی نشست عام خواتین کے لیے مختص کی گئی ہے، جس کے پیشِ نظر مجیب جہانگیر دار نے اعلان کیا کہ ان کی دختر صوفیہ مجیب جہانگیر دار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی سیاسی پارٹی نے صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار اعلان نہیں کیا ہے، لیکن چونکہ وہ خود عوام سے براہِ راست منتخب ہوئے تھے، اس لیے انہیں یقین ہے کہ اس بار بھی عوام ان پر اعتماد کرتے ہوئے ان کی دختر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔
مجیب جہانگیر دار نے مزید کہا کہ 2017 سے 2022 کے دوران ان کے دورِ صدارت میں جو وعدے عوام سے کیے گئے تھے وہ پورے کیے گئے ہیں، اور شہر میں نمایاں ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔ انہی کارناموں کی بنیاد پر وہ ایک بار پھر عوام کے درمیان جائیں گے اور ووٹ کی اپیل کریں گے۔ انہیں پورا یقین ہے کہ مُدکھیڑ کی عوام انہیں ایک بار پھر کامیابی سے نوازے گی۔




