ناندیڑ میں این سی پی (اجیت پوار گروپ) کو نوجوان قیادت کی تقویت، عامر خان (لالہ) تنظیمی سیکریٹری مقرر

ناندیڑ: شہر کے معروف اسپورٹس مین، سماجی کارکن اور متحرک نوجوان قائد عامر خان (لالہ) کی مسلسل سماجی، فلاحی اور ملی خدمات کے اعتراف میں انہیں راشٹروادی کانگریس پارٹی (اجیت پوار گروپ)، ناندیڑ میں تنظیمی سیکریٹری کے اہم عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ اس تقرری کو پارٹی کے لیے ایک مضبوط اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس اہم تقرری کا باضابطہ اعلان این سی پی ناندیڑ ضلع (شہر) کے صدر مسٹر اوم پرکاش پوکرنا نے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے نائب صدر جناب صابر چاوش بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔ ضلع صدر مسٹر اوم پرکاش پوکرنا نے عامر خان (لالہ) کو تقرری نامہ تفویض کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریوں پر فائز کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر نے کہا کہ عامر خان (لالہ) ایک سرگرم، باصلاحیت اور عوامی رابطے رکھنے والے نوجوان قائد ہیں، جنہوں نے کھیل، سماجی خدمت اور نوجوانوں کی رہنمائی کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر لالہ اپنی صلاحیتوں، تجربے اور عوامی مقبولیت کو بروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کی پالیسیوں، نظریات اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر اجیت دادا پوار کے پیغام کو عوام الناس، بالخصوص نوجوان طبقے تک مؤثر انداز میں پہنچائیں گے۔
پارٹی قیادت نے اس یقین کا اظہار کیا کہ عامر خان (لالہ) کی شمولیت سے ناندیڑ شہر میں پارٹی کو نچلی سطح پر مزید استحکام حاصل ہوگا، تنظیمی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پارٹی کی آواز مزید مضبوط ہوگی۔
اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عامر خان (لالہ) نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جو ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے، اسے وہ پوری ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنانے، نوجوانوں کو جوڑنے اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔
آخر میں ضلع صدر مسٹر اوم پرکاش پوکرنا اور نائب صدر جناب صابر چاوش نے عامر خان (لالہ) کو ان کی نئی ذمہ داریوں کے لیے دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن و کامیاب مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔




