“آئی لو یو محمد ﷺ” – ارنڈول میں عقیدت و احتجاج کی گونج، محبتِ رسول ﷺ کے پرامن نعرے آسمان تک بلند

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
سرورِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم سے والہانہ محبت کے اظہار پر ملک بھر میں درج کیے جانے والے مقدمات نے امت کے دلوں میں اضطراب کی لہر دوڑا دی ہے۔ کانپور میں “آئی لو یو محمد ﷺ” بینر کے بعد بریلی اور بھائیکلہ میں بھی اسی نوعیت کے معاملات درج ہونا ملتِ اسلامیہ کے جذبات کو مجروح کر رہا ہے۔انہی حالات کے پس منظر میں ضلع جلگاؤں کی تحصیل ارنڈول میں بعد نمازِ جمعہ ایک پُرامن مگر ولولہ انگیز احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقامی مسلمانوں نے محبتِ رسول ﷺ میں لبیک کہا، نعرے بلند کیے اور یہ پیغام دیا کہ:
“محمد ﷺ ہماری جان سے بھی عزیز تر ہیں، محبتِ رسول ﷺ پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں”۔
احتجاجیوں نے ان غیر منصفانہ اقدامات کو روکنے کا مطالبہ کیا اور واضح کیا کہ یہ ملت کے جذبات سے کھلواڑ ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر مسلم نمائندوں نے تحصیلدار کو ایک باقاعدہ میمورنڈم پیش کیا، جس میں انصاف اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ان مقدمات کے خاتمے اور امن و انصاف کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔یہ احتجاج اپنی نظم و ضبط، سکون اور با مقصدیت کی وجہ سے نمایاں رہا۔ محبتِ مصطفیٰ ﷺ میں ڈوبا ہوا یہ اجتماع دراصل روحانی عقیدت کی تجدید اور امت کی یکجہتی کا مظہر تھا۔
“دلوں کی دھڑکنوں میں بسا ہے محمد ﷺ،
زباں پہ نغمہ ہے ایک ہی.. آئی لو یو محمد ﷺ”۔




