آئی پی ایل پھر سے بحال ہونے کو تیار، بی سی سی آئی جلد کرے گا نئے شیڈیول کا اعلان
15 یا 16 مئی سے دوبارہ شروع ہونے کے امکانات، غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپسی کی ہدایت

نئی دہلی، 11 مئی — (نمائندہ خصوصی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث عارضی طور پر معطل ہونے والے آئی پی ایل-2025 کے دوبارہ آغاز کی راہیں ہموار ہو چکی ہیں۔ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو بحال کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، اور اگلے ہفتے کے آخر میں یعنی 15 یا 16 مئی سے میچز کے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) جلد ہی نئے شیڈیول کا اعلان کرے گا۔ فی الحال آئی پی ایل کے 57 میچ مکمل ہو چکے ہیں، اور ٹورنامنٹ پنجاب کنگس اور دہلی کیپیٹلس کے میچ کے بعد معطل کیا گیا تھا۔ اسی میچ سے ٹورنامنٹ کی دوبارہ شروعات متوقع ہے۔
دھرمشالہ کو چھوڑ کر پورے ملک میں میچزرپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی ایک اہم میٹنگ کر رہا ہے تاکہ باقی پروگرام کو حتمی شکل دی جا سکے۔ یہ سمجھا جا رہا ہے کہ دھرمشالہ کو چھوڑ کر باقی تمام میچ ہندوستان میں ہی منعقد ہوں گے۔
غیر ملکی کھلاڑیوں کی واپسی بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر غیر ملکی کھلاڑی جو عارضی طور پر ملک چھوڑ چکے تھے، انہیں اپنی ٹیموں میں جلد واپسی کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ موجودہ سیزن میں 10 ٹیموں کے لیے 60 سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کا حصہ ہیں۔
پلے آف کی دوڑ میں گہما گہمی آئی پی ایل-2025 کی معطلی سے قبل شبھمن گل کی قیادت والی گجرات ٹائٹنس پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست تھی۔ ان کے ساتھ رائل چیلنجرز بنگلورو، پنجاب کنگس اور ممبئی انڈینس ٹاپ-4 میں شامل تھیں۔ چوتھے مقام کے لیے ممبئی اور دہلی کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ ٹاپ-3 ٹیمیں تقریباً پلے آف میں اپنی جگہ پکی کر چکی ہیں۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جلد جاری ہونے والا نیا شیڈیول اس سیزن کو کامیابی سے مکمل کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہوگا۔