قومی

احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارہ کو حادثہ، وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کا اظہارِ افسوس، زخمیوں کے فوری علاج کی ہدایت

احمد آباد، 12 جون 2025:ایئر انڈیا کی پرواز AI-171، جو احمد آباد سے گیٹ وِک (برطانیہ) کے لیے روانہ ہو رہی تھی، بدھ کی صبح پرواز کے چند ہی منٹ بعد خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارے میں کل 242 افراد سوار تھے، جن میں 2 پائلٹ، 10 عملہ کے ارکان اور 230 مسافر شامل تھے۔

حادثہ کے فوراً بعد ریاستِ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھُوپیندر پٹیل نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ راحت و بچاؤ کا کام جنگی پیمانے پر فوری طور پر شروع کیا جائے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا: “میں احمد آباد میں ایئر انڈیا کے ایک مسافر طیارے کے حادثہ سے غمزدہ ہوں۔ میں نے افسران کو فوری طور پر بچاؤ کارروائیاں شروع کرنے اور زخمیوں کے بہترین علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔”

گرین کوریڈور کا قیام، اسپتال میں ایمرجنسی انتظامات حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری طور پر احمد آباد سول اسپتال منتقل کرنے کے لیے گرین کوریڈور کا بندوبست کیا گیا۔ اسپتال میں تمام ضروری سہولیات کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا تاکہ زخمیوں کو کسی بھی قسم کی تاخیر کے بغیر علاج فراہم کیا جا سکے۔

مرکزی حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی وزیر اعلیٰ پٹیل نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ان سے رابطہ کیا اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ این ڈی آر ایف (قومی آفات امدادی فورس) کی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔

حادثہ کی ابتدائی تفصیلات ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق: حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 وی ٹی-اے این بی تھا۔
پرواز نے صبح 08:09 یو ٹی سی (13:38 IST) پر رَن وے 23 سے اڑان بھری۔
اڑان کے چند لمحوں بعد طیارہ ایئرپورٹ کے احاطے سے باہر زمین پر جا گرا۔
حادثے کے فوری بعد دھماکہ ہوا اور سیاہ دھواں بلند ہوتے دیکھا گیا۔

پائلٹ اور عملہ کی تفصیل طیارے کی کمان کپتان سمت سبھروال کے پاس تھی، جنہیں 8200 گھنٹوں کا پرواز کا تجربہ ہے۔ شریک پائلٹ کلائیو کندر کے پاس 1100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے۔

ابھی تک حادثے کی اصل وجوہات سے متعلق تفصیلی جانچ جاری ہے، اور ایئر انڈیا یا سول ایوی ایشن کی طرف سے کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!