اختر رسول شیخ کو ریاستی ایوارڈ سے نوازا گیا ؛ علمی و سماجی خدمات کا اعتراف

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
بی ایڈ اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج کے معاون معلم اختر رسول شیخ کو ان کی مسلسل علمی، تعلیمی، سماجی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میں ریاستی سطح کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ اعزاز ہندی روزنامہ ہمارا ایشیاء، اورنگ آباد کی جانب سے ایک پروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔ تقریب میں روزنامہ کے مالک و سینئر صحافی، سماجی مصلح مجتبیٰ فاروق، جے ایم سی کے سابق ڈپٹی میئر و تعلیمی رہنما الحاج عبدالکریم سالار کے علاوہ مختلف شعبۂ حیات کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔اختر رسول شیخ کو یہ اعزاز مسلسل تیسری مرتبہ عطا کیا گیا ہے۔
اس سے قبل بھی انہیں متعدد تنظیموں نے ان کی سماجی خدمات پر نوازا ہے۔ کورونا کے مشکل دور میں انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آج بھی ان کے رفاہی کام جاری ہیں۔ان کی خدمات میں خاص طور پر بیوہ، مطلقہ، بے سہارا خواتین اور طلبہ و طالبات کی مالی و تعلیمی امداد اور رہنمائی شامل ہے۔ ماہِ رمضان تک محدود نہیں بلکہ سال بھر ان کی فلاحی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، جس سے معاشرے کے نادار اور ضرورت مند طبقات مستفید ہوتے ہیں۔اختر رسول کے اس اعزاز پر تعلیمی و سماجی حلقوں میں خوشی اور پذیرائی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں خدمتِ خلق کے ایک روشن استعارے کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔




