ایجوکشن

ادبِ اطفال کا عصری منظرنامہ: اقراء ایچ جے تھیم کالج میں بصیرت افروز سیمینار

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اقراء ایجوکیشن سوسائٹی جلگاؤں کے زیرِ اہتمام اقراء ایچ جے تھیم کالج آف آرٹس اینڈ سائنس کے شعبۂ اردو اور اردو ریسرچ سینٹر کی جانب سے "ادبِ اطفال – عصری تقاضے اور ادبی رجحانات” کے موضوع پر یک روزہ سیمینار کا انعقاد مورخہ 29 جولائی 2025 کو تزک و احتشام کے ساتھ عمل میں آیا۔سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار نے صدارتی خطبے میں ادبِ اطفال کو نئی نسل کی فکری وتخلیقی تعمیر کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ادبِ اطفال محض کہانیوں کا مجموعہ نہیں بلکہ قوموں کے اخلاقی اور فکری رویّوں کی بنیاد ہے۔ تعلیمی اداروں کو چاہئے کہ وہ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں ادبِ اطفال کو ایک مؤثر اور ضروری عنصر کے طور پر شامل کریں تاکہ بچوں کے اندر تخیل کی پرواز اور شعور کی بالیدگی پیدا ہو۔”اس ادبی نشست کے مہمانانِ خصوصی میں ملک کی دو ممتاز علمی و ادبی شخصیات

سراج عظیم (بانی جشنِ بچپن) اور ڈاکٹر مظفر حسین غزالی (معروف صحافی، محقق و ادیب) شامل تھے۔ سراج عظیم نے بچوں کے ادب میں تخلیقی رجحانات اور موجودہ دور کے بدلتے ہوئے فکری تناظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "آج کے بچوں کی دلچسپیاں، ان کے تخیلات اور سیکھنے کے ذرائع تیز رفتاری سے بدل رہے ہیں، ایسے میں مصنفین کو بھی اپنے اسلوب اور مواد کو عصرِ حاضر کی ضروریات کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔”ڈاکٹر مظفر حسین غزالی نے اپنی مدلل گفتگو میں ادبِ اطفال کے بدلتے منظرنامے کا جامع تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ادبِ اطفال کے ذریعے ہم نہ صرف بچوں کی معصوم ذہنوں کی آبیاری کر سکتے ہیں بلکہ ان میں تحقیق، سوال اٹھانے کی جرأت اور تخلیقیت کو بھی پروان چڑھا سکتے ہیں۔”
سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری الحاج اعجاز ملک نے سیمینار کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "ادبِ اطفال قوم کی فکری وراثت ہے، جسے سنوارنے اور محفوظ کرنے کی اشد ضرورت ہے

"شہر کی علمی و ادبی شخصیات جن میں مشتاق کریمی، رشید قاسمی، وحید امام، قیوم اثر، صابر پرواز، ساحر نصیر آبادی نے اپنی شرکت سے سیمینار کو وقار بخشا۔ پروفیسر ظفر شیخ، رشید شیخ، ذبیح اللہ شاہ، غلام نبی شیخ، عرفان سالار، پروفیسر تنویر خان، پروفیسر یوسف پٹیل، پروفیسر حفیظ، پروفیسر ڈاپکے نے بھی اپنی موجودگی درج کروائی۔
پروگرام کا آغاز ڈاکٹر اختر شاہ کی خوش الحان تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ سیمینار کی غرض و غایت قاضی مزمل الدین ندوی نے بڑے دلنشین انداز میں پیش کی۔ صدر شعبہ اردو، ڈاکٹر کہکشاں انجم نے اپنی شائستہ نظامت سے پروگرام کو بامقصد اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھایا۔ سیمینار کی کامیابی میں ڈاکٹر وقار شیخ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ آخر میں ڈاکٹر مستقیم باغبان نے اظہارِ تشکر پیش کر کے اس علمی ادبی نشست کا اختتام ہوا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!