اردو تحقیق کا نیا سنگِ میل: اقراء ایچ جے تھم کالج کو یونیورسٹی کا "اردو ریسرچ سینٹر” درجہ

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اردو زبان و ادب کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم بڑھاتے ہوئے اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے اقراء ایچ جے تھم آرٹس اینڈ سائنس کالج، مہرون کے اردو شعبے کو کویتری بہنا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی جلگاؤں نے باضابطہ طور پر "اردو تحقیقاتی مرکز، ریسرچ سینٹر” کی حیثیت سے منظوری سے نوازہ ہے یہ ایک نہایت قابلِ فخر موقع ہے کہ یونیورسٹی میں پہلی مرتبہ اردو کا ریسرچ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس اعزاز پر سوسائٹی کے صدر الحاج عبد الکریم سالار اور پورے انتظامیہ کو شکریہ و مبارکباد پیش کی گئی۔
اس سینٹر کے قیام کے لئے خصوصی کاوشیں کرنے والے پرنسپل ڈاکٹر چاند خان، ڈاکٹر وقار شیخ، ڈاکٹر تنویر خان اور دیگر اساتذہ کرام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اسی طرح بی۔او۔ایس کے چیئرمین ڈاکٹر آفاق انجم ، ڈاکٹر ساجد قادری، ڈاکٹر زیدی جیسی معزز شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر کہکشاں اس ریسرچ سینٹر کی کوآرڈینیٹر ہوں گی تو مولانا مزمل ندوی ان کے معاون ہوں گے۔ کالج کے او ایس اشفاق پٹھان کی کاوشوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔اس سینٹر کے قیام سے نہ صرف ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے محققین، ریسرچ اسکالرز اور اساتذہ کو علمی سرمایہ میسر آئے گا بلکہ علاقے کے طلبہ کو بھی اردو زبان و ادب کے نایاب کتب، رسائل، جرائد اور تحقیقی مواد دستیاب ہوگا۔
یہ سینٹر انڈر گریجویٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویشن کے طلبہ کے لئے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہوگا۔یہ اردو زبان کے فروغ، ادبی ورثے کے تحفظ اور نئی نسل کو تحقیقی شعور دینے کے عزم کی ایک روشن مثال ہے۔ان مقاصد کے حصول کے لیے ادارہ کے صدر الحاج عبدالکریم سالار کی نگرانی میں بہت ساری علمی ادبی صحافتی تعلیمی تحقیقی کاوشیں شروع ہیں موصوف کی زیر قیادت بزم اردو ادب جلگاؤں ،فروغ اردو زبان و ادب میں مصروف ہے اسی ادارے میں علماء کرام اور دینی اداروں کے فارغین کے لئے خصوصی کورسز بھی یونیورسٹی کے ایفیلیشن میں چلتے ہیں جو مدارس کے فارغین کو روزگار کے دیگر مواقع فراہم کرنے میں معاونت کرتے ہیں۔




