اعلیٰ تعلیم یافتہ عرشیہ فردوس کا کمپیوٹر تعلیم کے شعبے میں قدم
شہر میں انسٹی ٹیوٹ شروع کرنے والی پہلی مسلم خاتون ڈائریکٹر

بیڑ (محمد مسلم کبیر)شہر کے خاص باغ علاقے کے سے تعلق رکھنے والے رشید احمد کی دختر عرشیہ فردوس نے خود اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد شہر کے تمام عمر کے افراد کو معیاری کمپیوٹر تعلیم مہیا کرانے کی غرض سے گیلیکسی کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کا آغاز کیا ہے۔اس سلسلے میں رشید شیخ نے اپنےدیرینہ دوست اور معروف صحافی ایس۔ ایم۔ یوسف کو اطلاع دی۔اس پر ایس۔ایم۔ یوسف نے گیلیکسی کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور اپنے دوست کی بیٹی کو دل سے دعائیں دیں اور دوست کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔

عرشیہ فردوس نے ٹرینر آف کمپیوٹر کلاسز کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا ہے اور وہ اسٹینوگرافر بھی ہیں۔اس کے علاوہ وہ اس وقت بی۔ فارمیسی کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ تعلیم کے میدان میں مختلف ڈگریاں حاصل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تقریباً ہر شعبے میں، بالخصوص سرکاری و انتظامی دفاتر کے بیشتر کام آن لائن ہو چکے ہیں اور آنے والا دور مکمل طور پر کمپیوٹر پر منحصر ہوگا۔ اسی لیے کمپیوٹر تعلیم کی اہمیت دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے خاص باغ کے گارڈن روڈ پر واقع اپنے رہائشی مکان کے سامنے گیلیکسی کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ شروع کیا ہے، جہاں چھ سال کی عمر کے طلبہ سے لے کر بزرگوں تک کو کمپیوٹر کی تعلیم دی جائے گی۔
اس کے لیے انسٹی ٹیوٹ صبح آٹھ سے دس بجے تک سب کے لیے کھلا رہے گا۔ بچوں کے لیے الگ بیچ صبح دس سے دوپہر دو بجے تک جبکہ بچیوں کے لیے دوپہر دو سے رات آٹھ بجے تک انسٹی ٹیوٹ کھلا رہے گا۔ یہاں بیسک کمپیوٹر، ایم۔ایس۔سی۔آئی۔ٹی، بیسک اور ایڈوانس ٹائپنگ،انگریزی، مراٹھی، اردو، ہندی، ٹیلی پرائم پلس لیکچر، ڈیزائن اینڈ کینوا وغیرہ کورسز کی تعلیم دی جائے گی، یہ معلومات عرشیہ فردوس نے دی۔
اس موقع پر آزاد صحافی ایس۔ ایم۔ یوسف نے خاص طور پر عرشیہ فردوس کی تعریف کی کہ انہوں نے خود اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے گیلیکسی کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ شروع کیا اور اس طرح بید شہر میں کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ شروع کرنے والی مسلم سماج کی پہلی خاتون ڈائریکٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔




