اقبال نگر دھنےگاؤں۔ واجےگاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق

دھنےگاؤں (نمائندہ شیخ بابا ): آج شام اکبال نگر۔ واجےگاؤں علاقے میں پیش آئے ایک دلخراش واقعے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جاں بحق نوجوان کی شناخت شیخ الطاف بن شیخ خیوم (عمر تقریباً 28 سال، ساکن اقبال نگر دھنےگاؤں) کے طور پر کی گئی ہے۔
شیخ الطاف پیشے سے گتہ دار تھے اور مقامی کٹ کیٹ کرکٹ ٹیم کے فعال و مقبول کھلاڑی بھی تھے۔ اطلاع کے مطابق آج شام کے وقت موسم اچانک خراب ہوگیا، گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہوئی۔ اس دوران الطاف اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ واجےگاؤں کے قریب موجود تھے۔ تیز بارش کے باعث وہ ایک درخت کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھے، اسی دوران آسمانی بجلی درخت پر گری جس کی زد میں آکر شیخ الطاف شدید زخمی ہوگئے۔
بجلی گرنے کے جھٹکے سے ان کا موبائل فون بھی پھٹ گیا۔ ساتھیوں نے فوراً انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں فوت قرار دیا۔
اس اندوہناک حادثے سے پورے علاقے میں غم و رنج کی لہر دوڑ گئی۔ مرحوم الطاف اپنی خوش اخلاقی، مددگار مزاج اور کرکٹ کے شوق کی وجہ سے علاقے میں کافی محبوب تھے۔ ان کے اچانک انتقال پر اقبال نگر دھنےگاؤں اور واجےگاؤں میں رنج و افسوس کی فضا پائی جا رہی ہے۔
عوام کی جانب سے انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قدرتی آفات اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔




