ایجوکشن

“اقراء جونیئر کالج آف ایجوکیشن میں یومِ اردو و یومِ تعلیم کی روح پرور تقریب؛ اقبالؔ و آزادؔ کے افکار و تعلیم کو خراجِ عقیدت”

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام، اردو جونیئر کالج آف ایجوکیشن میں علامہ اقبالؔ کے یومِ پیدائش کے موقع پر "یومِ اردو” اور مولانا ابوالکلام آزادؔ کے یومِ پیدائش کے موقع پر "یومِ تعلیم” نہایت شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ تقریب کی صدارت پرنسپل سعیدہ وکیل نے فرمائی، جبکہ آغاز عدنان شیخ کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ نہال احمد نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کی۔ ترانۂ اقراء سعدیہ شیخ اور ان کی ہمنواؤں نے مترنم آواز میں پیش کیا، جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔ تقریب کے اغراض و مقاصد رفیق شیخ نے جامع و بلیغ انداز میں واضح کیے۔

یومِ تعلیم کے موقع پر زیرِ تربیت معلمین شفا خان، مریم کچھی، جزا ساجد شیخ، امامہ رفیق خان، صالحہ سیف الدین اور عادل صیقلگر نے مولانا ابوالکلام آزادؔ کی علمی و تعلیمی خدمات پر مدلل تقاریر و نظمیں پیش کیں۔ یومِ اردو کے تحت پیش کیا گیا تمثیلی مشاعرہ اس پروگرام کا سب سے دلکش اور یادگار حصہ ثابت ہوا، جس میں طلبہ و طالبات نے معروف شعراء و شاعرات کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کے منتخب کلام سے محفل کو ادب و جذبے سے معمور کر دیا۔ شرکائے مشاعرہ میں نمایاں نام تھے: تحریم شیخ (انجم رہبر)، اُمِّ ہانی (پروین شاکر)، مبشرہ سالار (اداء جعفری)، سعدیہ شیخ (شبینہ ادیب)، خنساء ساجد شیخ (عنبرین حسیب عنبر)، معراج شیخ (پروین شاکر)، ذنیرہ جاوید (کشور ناہید)، شفا خان (فہمیدہ ریاض)، شاہ زیب (عارف سیفی)، سفیان رفیق، عدنان شیخ، مصعب سعید خان (غوث خوامخواہ حیدرآبادی)، سعد شاہ (عبداللہ ضریم)، فرحان شاہ (احمد فراز) اور شاہد شیخ (علامہ اقبالؔ)۔

اپنے صدارتی خطاب میں پرنسپل سعیدہ وکیل نے کہا "اقبالؔ کا شاہین کہیں کھو گیا ہے، ہمیں نوجوانوں میں خود اعتمادی، جذبۂ عمل اور فکرِ اقبال کو دوبارہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ اقبالؔ کی شاعری آج بھی حوصلہ و رہنمائی عطا کرتی ہے، جبکہ مولانا ابوالکلام آزادؔ نے وزارتِ تعلیم کے منصب پر رہ کر قوم کو علم و آگہی کا خزانہ عطا کیا۔”تقریب کی کامیابی میں رفیق شیخ، اسما میڈم، جمیل خان اور قاسم خان نے کلیدی کردار ادا کیا۔ نظامت کے فرائض حذیف شاہ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ اختتامی کلمات اور شکریہ عدنان شیخ نے ادا کیا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور خوشگوار تعلیمی ماحول میں ہوا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!