اورنگ آباد ڈویژن کے گریجویٹ حلقے کی ووٹر لسٹ کی از سر نو تیاری – گریجویٹ ووٹروں سے تعاون کی اپیل: ضلع کلکٹر راہل کردیلے

ناندیڑ، 30 ستمبر: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یکم نومبر 2025 کو اہلیت کی تاریخ مانتے ہوئے اورنگ آباد ڈویژن کے گریجویٹ انتخابی حلقے کے لیے نئی ووٹر لسٹ تیار کرنے کا پروگرام اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع کلکٹر راہل کردیلے نے گریجویٹ ووٹروں سے فعال تعاون کرنے اور نام درج کرانے کی اپیل کی ہے۔
آج کلکٹر آفس کے میٹنگ ہال میں اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ضلع کلکٹر کردیلے نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر و ڈپٹی الیکشن آفیسر راج کمار مانے، سب ڈویژنل آفیسر ڈاکٹر سچن کھللال، نائب تحصیلدار نیتیش کمار بولولو اور اندرجیت گرڈ بھی موجود تھے۔
ضلع کلکٹر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے 12 ستمبر 2025 کے خط کے مطابق:
30 ستمبر 2025 کو سرکاری نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
15 اکتوبر 2025 کو اخبارات میں پہلی نوٹس کی اشاعت،
25 اکتوبر 2025 کو دوسری اشاعت،
6 نومبر 2025 آخری تاریخ دعوے اور اعتراضات وصول کرنے کی،
20 نومبر 2025 کو ڈرافٹ لسٹ کی تیاری،
25 نومبر 2025 کو ڈرافٹ لسٹ کی اشاعت،
25 نومبر تا 10 دسمبر 2025 دعوے و اعتراضات جمع کرنے کی مدت،
25 دسمبر 2025 کو اعتراضات پر فیصلہ اور ضمنی لسٹ کی تیاری،
30 دسمبر 2025 کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر گریجویٹ ووٹر کو مقررہ فارم نمبر 18 میں درخواست جمع کروانی ہوگی۔ ووٹر لسٹ ہر انتخاب سے قبل از سر نو تیار کی جاتی ہے، اس لیے موجودہ لسٹ میں درج نام رکھنے والے ووٹروں کو بھی نئے سرے سے فارم پُر کرنا ہوگا۔
اہلیت: جو شخص ہندوستانی شہری ہے، حلقے میں مقیم ہے اور یکم نومبر 2025 سے پہلے کم از کم تین برس قبل کسی یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کر چکا ہے، وہ ووٹر کے طور پر اندراج کا اہل ہے۔
ضروری دستاویزات:
درخواست کے ساتھ: خود تصدیق شدہ ڈگری سرٹیفکیٹ/مارک شیٹ کی کاپی،
پاسپورٹ سائز فوٹو، آدھار کارڈ یا دیگر شناختی کارڈ (آدھار دینا اختیاری ہے)،
سرکاری ملازم ہونے کی صورت میں مجاز افسر کا سرٹیفکیٹ لازمی۔
کلکٹر نے واضح کیا کہ وزارت قانون و انصاف کی 17 جون 2022 کی نوٹیفکیشن کے تحت فارم نمبر 18 میں ترمیم کی گئی ہے اور آدھار نمبر کے لیے علیحدہ خانہ رکھا گیا ہے، لیکن آدھار نمبر نہ دینے کی صورت میں بھی کسی کا فارم مسترد نہیں کیا جائے گا۔




