ایم ایل اے بالاجی کلیانکر کی طبیعت ناساز، علاج کے لیے ممبئی منتقل

ناندیڑ یکم/جون (حیدر علی)– ناندیڑ شمال اسمبلی حلقے کے ایم ایل اے بالاجی کلیانکر کی طبیعت ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اچانک خراب ہو گئی۔ اُنہیں شدید بخار اور بلڈ پریشر کی شکایت کے بعد فوری طور پر ایک نجی گاڑی کے ذریعے ممبئی کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔ بالاجی کلیانکر کچھ دن پہلے ناندیڑ کے اشونی اسپتال میں بھی پانچ دن شریک تھے مگر مکمل آرام نہ ملنے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں مزید بہتر علاج کے لیے ممبئی جانے کا مشورہ دیا۔
آج یکم جون کو بالاجی کلیانکر کی سالگرہ بھی ہے۔ لیکن اسی دن ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ اس خبر سے ان کے چاہنے والوں پارٹی کارکنوں اور حلقے کی عوام میں تشویش پھیل گئی ہے۔طبیعت کی خرابی کے باعث وہ اپنی سالگرہ کے موقع پر ہونے والے پروگراموں میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ تاہم انہوں نے شیو سینا کے عہدیداران اور اپنے خاندان کے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام فلاحی اور عوامی مفاد کے پروگرام منعقد کریں۔انہوں نے عوام سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ آتشبازی، گلدستے اور دیگر غیر ضروری اخراجات سے گریز کریں اور ان کی سالگرہ کے موقع پر سماجی خدمت کے کام انجام دیں ۔