این سی پی کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد کا دوسرا مرحلہ
مومن پورہ، ناوگھاٹ، سدارتی نگر اور ملیان میں 500 کِٹس تقسیم

ناندیڑ: این سی پی کے سرگرم کارکن صابر چاؤش اور عامر خان لالہ کی قیادت میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے جاری مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج بڑے پیمانے پر کیا گیا۔ اس موقع پر مومن پورہ، ناوگھاٹ ، اور ملیان کے درجنوں سیلاب متاثرہ خاندانوں کو راحتی سامان فراہم کیا گیا۔
یہ امدادی پروگرام یادروسیہ گارڈن عرب گلی میں منعقد ہوا، جہاں این سی پی کے کارکنان اور مقامی رضا کاروں کی بھرپور شرکت رہی۔ تقریب میں تقریباً 500 کِٹس تقسیم کی گئیں، جن میں روزمرہ استعمال کی اشیاء، غذائی اجناس، کپڑے اور ضروری گھریلو سامان شامل تھا۔
اس موقع پر معزز مہمانوں میں رکن اسمبلی پرتاپ پٹیل چکلیکر، سابق رکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا، سابق رکن اسمبلی موہن اَنّا ہمبارڈے، سرجیت سنگھ گِل ، محسن خان پٹھان ، آریان علی، محمد ذکی اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ سبھی مہمانوں نے منتظمین کی اس خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا رہنا ہی حقیقی سماجی خدمت ہے۔
صابر چاؤش نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ ہر فرد تک امداد پہنچانا ہمارا اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے، اور ہم کسی بھی ضرورت مند کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی اسی طرح کے کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک مدد پہنچائی جا سکے۔
عامر خان لالہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناندیڑ شہر اور اطراف میں حالیہ بارشوں نے جو تباہی مچائی ہے، اُس کے اثرات کم کرنے کے لیے این سی پی کے کارکنان دن رات کام کر رہے ہیں۔ "یہ خدمت سیاست نہیں بلکہ انسانیت کے جذبے سے کی جا رہی ہے”، انہوں نے کہا۔




