مہاراشٹرا

بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا کیخلاف مظاہرہ، ’گو بیک‘ کے نعرے گونجے

مہاراشٹر کے واشی ناکہ علاقے میں بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا کی آمد پر زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ ان پر مساجد سے لاؤڈ اسپیکر اتارنے کی کوششوں اور مسلمانوں کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز بیانات دینے کا الزام ہے۔

پولیس اسٹیشن کے باہر ہنگامہ
جیسے ہی سومیا کے آر سی ایف پولیس اسٹیشن میں آنے کی خبر پھیلی، مقامی لوگ، ایس ڈی پی آئی اور این سی پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔ مظاہرین نے ’’کریٹ سومیا گو بیک‘‘ کے نعرے لگائے۔ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس نے کچھ لوگوں کو تحویل میں لیا، لیکن بعد میں چھوڑ دیا۔

مظاہرین کا موقف
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سومیا مساجد کے لاؤڈ اسپیکر کے مسئلے کو بنیاد بناکر ماحول خراب کر رہے ہیں۔ ایس ڈی پی آئی کے جنرل سیکریٹری سعید چودھری نے کہا، ’’کریٹ سومیا بار بار یہاں آکر مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں۔ وہ یہ نہ سمجھیں کہ واشی ناکہ کوئی کمزور علاقہ ہے۔ ہم انہیں منہ توڑ جواب دیں گے۔‘‘

لاؤڈ اسپیکر معاملہ
سعید چودھری نے اعلان کیا کہ لاؤڈ اسپیکر اتارنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ ’’یہ ہمارا حق ہے، اور آزادی سے پہلے سے یہ روایت چلی آ رہی ہے۔ ہم سپریم کورٹ کی گائیڈ لائنز کا احترام کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر سومیا نے پھر مسلمانوں کو نشانہ بنایا، تو جواب دیا جائے گا۔

فہد احمد کی تنقید
این سی پی کے رکن فہد احمد نے کہا، ’’کریٹ سومیا یہاں کے عوامی نمائندہ نہیں ہیں۔ وہ بار بار یہاں آکر ماحول خراب کرتے ہیں۔ اگر وہ ایک شہری کے طور پر آئیں تو کوئی مخالفت نہ کرے۔ لیکن وہ ہنگامہ آرائی کرتے ہیں، کیا اس کی اجازت ہے؟‘‘

چیتاکیمپ مسجد میں میٹنگ
اسی دن چیتاکیمپ کی ایک مسجد میں نماز عشاء کے بعد ایک مشاورتی میٹنگ بھی ہوئی، جس میں ٹرسٹیان کو قانون کے مطابق کام کرنے اور لاؤڈ اسپیکر کے معاملے میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا۔

یہ واقعہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ مذہبی اور سیاسی معاملات کو بنیاد بناکر ریاست میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ مظاہرین نے حکومت اور پولیس سے انصاف کی اپیل کی، تاکہ کسی طبقے کے خلاف امتیاز یا اشتعال انگیزی کو روکا جاسکے۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!