
عقیل خان بیاولی، جلگاؤں
جن کے حوصلے آسمان کو چھو لیں، اُن کی پرواز کو کوئی حد نہیں روک سکتی۔ اسی حقیقت کو سچ ثابت کرتے ہوئے جلگاؤں ضلع کے مہرون علاقے کی ہونہار طالبہ تحریم عارفہ جمیل پٹھان نے حالیہ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے تحت منعقدہ ایچ ایس سی امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھا کر مسلم طالبات میں ضلع سطح پر اول مقام حاصل کیا۔ اس شاندار پائیدار کامیابی پر اقراء ایجوکیشن سوسائٹی جلگاؤں نے اس ہونہار طالبہ کو خصوصی انعام و اعزاز سے نوازا اس موقع پر ضلع کی علمی ادبی تعلیمی سیاسی سماجی شخصیات اساتذہ کرام و سرپرست کی کثیر تعداد موجود تھی۔یہ کامیابی محض ایک طالبہ کی نہیں، بلکہ ایک تعلیمی روایت اور علمی گھرانے کی جدو جہد کا تسلسل ہے۔ تحریم ایک ایسے خانوادے کی چشم و چراغ ہیں جہاں تعلیم کو زیورِ حیات سمجھا جاتا ہے۔ والدہ ایم اے، بی ایڈ، والد بی ایس سی اور بڑی بہن ایم ایس سی (آئی ٹی) کی یونیورسٹی ٹاپر ہیں۔ دادا، دادی بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور سرکاری خدمات میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ یہی روشن ماحول اور مسلسل رہنمائی تحریم کی کامیابی کی بنیاد بنا۔

خود تحریم کے الفاظ میں:
“میں خداوند قدوس کی بے پایاں شکر گزار ہوں۔ میرا گھر دینی و عصری تعلیم کا حسین امتزاج ہے۔ نماز کی پابندی، وقت کی منصوبہ بندی، والدین و اساتذہ کی فرمانبرداری اور موبائل و غیرضروری مشغلے سے دوری ہی میری کامیابی کا راز ہے۔”یہی منصوبہ بندی تحریم کی تعلیمی زندگی میں جھلکتی ہے۔ ایس ایس سی میں 91.80 فیصد نمبر حاصل کرنے کے بعد یازدہم جماعت میں یو پی ایس سی کی ریاستی سطح کی مسابقتی امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈرائنگ کے انٹرمیڈیٹ و ایلیمنٹری امتحانات اے گریڈ سے پاس کیے، دینیات پر مشتمل اسلامک کیوز میں اول مقام حاصل کیا، اور تقریری، تحریری و خوش خطی کے کئی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔
تحریم کا کہنا ہے کہ اسکول کے ٹائم ٹیبل کی طرح اُن کا گھریلو ٹائم ٹیبل بھی طے ہے۔ نمازوں کے بعد مطالعہ، امتحانات کے دوران خوراک و آرام کی پابندی، اور والدہ و بہن کی نگرانی میں ایک منظم شیڈول نے اُنہیں کامیابی کی راہوں پر گامزن رکھا۔
آج جب اکثر نوجوان فضول مصروفیات اور بے جا موبائل کے استعمال میں وقت ضائع کرتے ہیں، تحریم کی کامیابی ایک پیغام ہے کہ وقت کی قدر جاننے والے ہی خوابوں کو حقیقت میں ڈھالتے ہیں۔
وہ کہتی ہیں:
“ابھی عمر ہے، ہم جو چاہیں حاصل کر سکتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ محنت خلوص اور وقت کی قدر کے ساتھ کی جائے۔”
آئندہ وہ آئی ایم سی اے پوسٹ گریجویشن اور سائبر سیکورٹی میں کریئر بنانا چاہتی ہیں۔ اگر یہی رفتار قائم رہی تو یقیناً تحریم نہ صرف اپنے خوابوں کو تعبیر دیں گی بلکہ مسلم طالبات کے لیے ایک نئی سمت اور نئی اُمنگ کا چراغ بھی بنیں گیں۔
بلند حوصلوں کو خدا دیتا ہے منزل،
جو علم کا ہو مسافر وہی بنتا ہے کامل۔
یہ درسِ مصطفیٰ ﷺ ہے، یہی فیضِ علیم،
کہ علم روشنی ہے، جہالت ہے ظلمت کی قیدِ قدیم۔




