
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
طالبات کی ہمہ جہت نشوونما کو ترجیح دیتے ہوئے تعلیمی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار کی مضبوط بنیاد رکھنے والے کے۔ کے۔ اردو گرلز ہائی اسکول اور ڈاکٹر شاہین قاضی اردو گرلز جونیئر کالج میں دو روزہ سالانہ گیدرینگ نہایت جوش و خروش، وقار اور جذباتی فضا میں منعقد ہوا۔ اس باوقار تقریب کا انعقاد اسکول کی پرنسپل تنویر جہاں شیخ کی مدبرانہ رہنمائی میں عمل میں آیا۔تقریب کی صدارت ادارے کے صدر حاجی خالد بابا باغبان نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے ادارے کے سیکریٹری زاہد شاہ، سلطانہ عبد الستار، شبانہ بانو زاہد خان، جاسمین شیخ صغیر اور شبنم محسن شاہ نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے طالبات کی فنی صلاحیتوں ،خود اعتمادی اور شاندار پیشکشوں کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
گیدرینگ کے دوران طالبات نے حمد، نعتِ شریف، قومی ترانے، ہندی، مراٹھی اور انگریزی زبانوں کے نغمات، قوالی، “اولڈ ایج ہوم” کے موضوع پر پَتھ ناٹک، “پردہ اور سماج” جیسے اہم سماجی موضوعات پر مؤثر مظاہرے اور تمثیلی شاعری پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لیے۔ ان پیشکشوں میں سماجی بیداری، انسانی ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا حسین امتزاج نمایاں طور پر نظر آیا۔
پروگرام کی کامیابی میں ثقافتی شعبہ کے اساتذہ مظہرالدین شیخ، ذاکر شاہ، نازیہ شیخ، آسمہ پروین اور تربیز شیخ کی محنتیں قابلِ ستائش رہیں۔ نظامت نہایت پُراثر انداز میں رضوانہ سید نے انجام دی، جبکہ عمران خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام معاونین اور حاضرین کا تہِ دل سے اعترافِ احسان کیا۔تقریب میں موجود معزز شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیدرینگ محض تفریحی پروگرام نہیں تھا بلکہ طالبات میں خود اعتمادی، اظہارِ خیال کی صلاحیت اور سماجی شعور بیدار کرنے والا ایک بامقصد تعلیمی و ثقافتی جشن ثابت ہوا۔




