مہاراشٹرا

جلگاؤں میں منشیات کے خلاف بیداری کی مؤثر صدا ؛ GNRF کی “Say No To Drugs” مہم کامیابی سے ہمکنار

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی):
معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹتی ہوئی منشیات کی لعنت کے خلاف ایک مضبوط اور بامقصد قدم اٹھاتے ہوئے دعوتِ اسلامی انڈیا کے فلاحی شعبہ غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (GNRF) کی جانب سے ملک گیر سطح پر جاری “Say No To Drugs” منشیات مخالف مہم کے تحت جلگاؤں شہر میں ایک مؤثر بیداری پروگرام کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ پروگرام 13 دسمبر کی شب بعد نمازِ عشاء شہید عبد الحمید چوک، تامباپورہ میں منعقد ہوا، جس میں سماج کے مختلف طبقات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر جلگاؤں کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر نتن گنپورے بطور مہمانِ خصوصی موجود رہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے GNRF ممبئی ریجن کے ذمہ دار پروفیسر عارف عطاری نے منشیات کے تباہ کن اثرات پر

سیر حاصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے بڑی اسکرین پر ویڈیو اور پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے واضح کیا کہ کس طرح منشیات نہ صرف فرد کی صحت بلکہ خاندان، معاشرے اور قوم کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیتی ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ خود کو اس مہلک وبا سے بچانے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی شعور دیں اور اس مہم میں GNRF کا بھرپور تعاون کریں، تاکہ ایک صحت مند اور مضبوط معاشرہ تشکیل پا سکے جو ملک کی ترقی کی ضمانت بنے۔

دعوتِ اسلامی کے ضلعی صدر جناب زبیر عطاری نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو خاص طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا آغاز اکثر فیشن یا تفریح کے نام پر ہوتا ہے، مگر یہی شوق رفتہ رفتہ انسان کو تباہی کے اندھیرے میں دھکیل دیتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی وجہ سے بے شمار گھر اجڑ چکے ہیں اور خاندان درہم برہم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دعوتِ اسلامی اور GNRF آئندہ بھی سماجی اصلاح، بیداری اور انسانیت کی خدمت کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ اختتامی خطاب میں سب ڈویژنل

پولیس آفیسر نتن گنپورے نے GNRF کی سماجی و اصلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف ایسی بیداری مہمات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگراموں کے انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروگرام کی کامیابی میں وسیم عطاری، مولانا عویض مدنی، مولانا فاروق مدنی، توفیق عطاری (بابا بھائی)، مختار شاہ، آصف شاہ، توحید بیگ، فیضان شیخ، سید شاداب عطاری، دانش شاہ سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنان کی محنت اور منظم کاوشیں قابلِ ستائش رہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!