جلگاؤں کا قابل فخر سپوت: پدم شری ایڈوکیٹ اجول نکم کی راجیہ سبھا میں نامزدگی ضلع میں خوشی کا ماحول ۔

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی):
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے حال ہی میں آئین ہند کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے چار معزز نامزد اراکین کے ناموں کا اعلان کیا۔ ان ناموں میں ملک کے ممتاز ماہر قانون، پدم شری ایڈوکیٹ اجول دیوراؤ نکم کا نام بھی شامل ہے، جو ریاست مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں کے فخر و افتخار سمجھے جاتے ہیں۔
ایڈوکیٹ اجول نکم کی ولادت 30 مارچ 1953 کو جلگاؤں میں ہوئی۔ ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم بھی اسی شہر میں مکمل کی۔ سائنس گریجویشن کے بعد ایس ایس منیار لاء کالج، جلگاؤں سے وکالت کی ڈگری حاصل کی۔ 1977 سے جلگاؤں کی عدالتوں میں فوجداری مقدمات کی پیروی کا آغاز کیا اور ابتدا ہی سے مشکل اور پیچیدہ مقدمات میں دلچسپی لیتے ہوئے چیلنجنگ کیسیز کی نمائندگی کو ترجیح دی۔اجول نکم کو یہ پیشہ ورانہ جرأت و مہارت ورثے میں ملی، ان کے والد دیوراؤ نکم پیشے کے اعتبار سے نامور بیریسٹر اور جج تھے جبکہ والدہ تحریکِ آزادی ہند کی فعال کارکن رہیں۔ اسی مضبوط اور باوقار خاندانی پس منظر نے اجول نکم کو اصول پسندی، ذمہ داری، قانونی شعور اور پیشہ ورانہ دیانت کی اعلیٰ اقدار سے آشنا کیا۔ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں متعدد ہائی پروفائل مقدمات کی پیروی شامل رہی، جن میں جلگاؤں سیکس اسکینڈل، معروف فلمساز گلشن کمار قتل کیس، پرمود مہاجن کیس، 26/11 ممبئی دہشت گرد حملے سمیت کئی اہم مقدمات شامل ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی، منظم جرائم اور قومی سلامتی سے جڑے مقدمات میں نہ صرف عدالت میں کامیاب نمائندگی کی بلکہ انصاف کی بالادستی کو مضبوطی سے قائم رکھا۔
ایڈوکیٹ نکم کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ ہند نے 2016 میں انہیں چوتھے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’پدم شری‘ سے نوازا، اور ان کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ’زیڈ پلس‘ سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔
سال 2024 کے عام انتخابات میں انہوں نے ممبئی سے پارلیمانی انتخاب لڑا، تاہم فتح حاصل نہ ہو سکی، لیکن ان کا حوصلہ متزلزل نہ ہوا۔ آج ایک بار پھر ان کی قانونی بصیرت اور قومی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں راجیہ سبھا میں نامزد کیا گیا ہے، جو نہ صرف ضلع جلگاؤں بلکہ پورے خاندیش اور مہاراشٹر کے لیے باعثِ مسرت ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ایڈوکیٹ نکم کی تقرری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مراٹھی زبان میں مبارکباد پیش کی، جو ان کی شخصیت کی عوامی و ثقافتی مقبولیت کی علامت ہے۔
عوامی سطح پر بھی ضلع جلگاؤں میں خوشی کی لہر ہے۔ عوام کو یقین ہے کہ ایڈوکیٹ اجول نکم اپنی قانونی فہم، پارلیمانی تجربے اور دیانتدارانہ سوچ کے ساتھ راجیہ سبھا میں ضلع، ریاست اور ملک کی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کریں گے۔ہم دعا یقین رکھتے ہیں کہ یہ باکردار سپوت اپنے غیر جانبدارانہ اور آئینی طرزِ عمل سے پارلیمان میں قابلِ فخر خدمات انجام دیں گے۔ضلع اور ریاست کے لیے نۓ مواقع فراہمی کی پالسی کو فروغ دیں گے۔