حیدر فنکشن ہال کا گندہ پانی عوام کے لیے وبالِ جان، شہریوں میں شدید ناراضگی

ناندیڑ (5 مئی): ناندیڑ کے مصروف اور گنجان آباد علاقے دیگلور ناکہ کے حیدر باغ نمبر 1 میں واقع حیدر فنکشن ہال سے نکلنے والا گندہ پانی علاقہ مکینوں کے لیے سخت پریشانی کا سبب بن گیا ہے۔ گندے پانی کی نکاسی کا کوئی مؤثر انتظام نہ ہونے کے باعث پانی براہِ راست مقامی رہائشیوں کے گھروں کے سامنے جمع ہو رہا ہے۔
اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر وہ بچے، خواتین اور بزرگ شہری ہو رہے ہیں جو روزمرہ پیدل سفر کرتے ہیں۔ کیچڑ اور بدبو سے بھرپور گندا پانی نہ صرف چلنے میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ صحت کے سنگین مسائل پیدا کر رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فنکشن ہال انتظامیہ کی لاپرواہی اور بے حسی کی وجہ سے یہ مسئلہ بار بار پیدا ہوتا ہے، مگر اس کے باوجود نہ کوئی صفائی کا انتظام ہوتا ہے اور نہ ہی پانی کی نکاسی کی کوئی کوشش کی جاتی ہے۔
شہریوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ اس مسئلہ کی کئی بار نگر پالیکا میں شکایت کی گئی ہے، مگر انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرنا انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
گندے پانی کی بدولت مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے، جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اس سنگین صورتحال نے علاقے میں ناراضگی اور بےچینی کی لہر دوڑا دی ہے۔
اہل علاقہ نے حیدر فنکشن ہال کے مالک اور نگر پالیکا انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہو سکے۔ بصورت دیگر، احتجاجی اقدامات کیے جانے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔