اسلامی

خصوصی افراد کے لئے عشقِ رسول ﷺ کی محفل

دعوتِ اسلامی جلگاؤں شاخ کے زیر اہتمام روح پرور و ایمان افروز اجلاس۔

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
عید میلاد النبی ﷺ کی بابرکت ساعتوں میں دعوتِ اسلامی ہند جلگاؤں شاخ کے زیر اہتمام اور فلاحی شعبہ جی این آر ایف کے تعاون سے خصوصی حضرات (اسپیشل پرسن، گونگے بہرے) کے لئے ایک غیر معمولی اور روح پرور محفلِ میلاد النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ محفل اسپیشل پرسن ٹریننگ شعبہ کے قومی نگران حضرت مولانا سید اختیار صاحب کانپور کی صدارت میں برپا ہوئی۔
حضرت مولانا نے اپنے فکر انگیز خطاب میں واضح کیا کہ معذور افراد بھی امتِ مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ حدیثِ نبوی ﷺ "طلب العلم فریضة علی کل مسلم” کے تناظر میں انہوں نے فرمایا کہ ان کے لئے تعلیم و تربیت کے وسائل فراہم کرنا اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہم سب کی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر حضرت مولانا نے سائن لینگویج (اشاراتی زبان) اور عام زبان دونوں میں عقیدت و محبت کے ساتھ گفتگو فرمائی جس نے حاضرین کے دلوں کو گہرا اثر بخشا۔مزید ریاستی، صوبائی، ضلعی اور مقامی مبلغین و عہدیداران مولانا امتیاز صاحب سولاپور ، سید آصف مدنی صاحب مالیگاؤں ،وسیم بھائی احمد نگر مولانا زبیر عطاری جلگاؤں ضلع نگراں نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کی عظمت اور معذورین کی معاشرتی اہمیت پر نہایت ایمان افروز رہنمائی پیش کی۔ انہوں نے معذور افراد کو حوصلہ دیتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ اللہ کے نزدیک ان کی قدر و منزلت کسی طور کم نہیں، بلکہ ان کے صبر و استقامت سے امت کو حیاتِ نو ملتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر نعتیہ کلام اور درود و سلام نعرۂ رسالت کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں۔ دعا کے روح پرور لمحات میں حضرت مولانا نے عالمِ اسلام کی امن و سلامتی اور معذورین کی عزت و سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ اس کے بعد معذورین میں اسلامی پرچم، پھل اور چائے تقسیم کی گئی۔اس روحانی اجتماع کی کامیابی میں ضلع جلگاؤں کے صدر زبیر عطاری، خصوصی شعبہ کے مقامی نگران توحید رضا عطاری اور شاہ اولیاء مسجد کے امام و خطیب مولانا نے نمایاں کردار ادا کیا۔آخر میں قومی نگران حضرت مولانا سید اختیار نے دعوتی اعلان کیا کہ ١٤ ستمبر ٢٠٢٥ سے ناگور (راجستھان) میں ٤٠ روزہ بنیادی ضروریات زندگی پر مشتمل دینی و اصلاحی تربیتی کیمپ کا انعقاد ہوگا جس میں خصوصی افراد کو علمِ دین اور روحانی فیوض و برکات سے سرفراز کیا جائے گا۔ انہوں نے اپیل کی کہ تمام اہلِ ایمان اس تربیتی کیمپ کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں۔اس موقع پر کثیر تعداد میں معزورین حاضر رہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!