خصوصی بچوں کی تخلیقی دنیا: ذہنی معذورین نے محبت، خود اعتمادی اور رنگوں سے سجائی دیوالی

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
دیوالی کی روشنی میں اگر کسی نے سچی مسرت و اُمید کے چراغ جلائے ہیں تو وہ تھے“چیتنہ پیرنٹس سپورٹ گروپ” کے خصوصی ذہنی معذور بچے۔ ہوپ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقد اس تربیتی و تخلیقی پروگرام میں ان بچوں اور ان کے والدین نے مل کر اپنی محنت، محبت اور خوداعتمادی سے رنگ برنگے آکاش کندیل تیار کیے؛ جن میں خوشی، امید اور انسانیت کی روشنی جھلک رہی تھی۔یہ پروگرام عالمی یومِ ذہنی صحت اور دیوالی کے موقع پر ہوپ اسپتال میں منعقد ہوا،جو گزشتہ تین برسوں سے ہر ماہ کے پہلے اتوار کو والدین و سرپرستوں کی تربیت اور بچوں کی تخلیقی
صلاحیتوں کو نکھارنے کے مقصد سے منعقد ہوتا آرہا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر اویناش بھوسلے (صدر، ہوپ فاؤنڈیشن) نے "سیلف کیئر” سے متعلق قیمتی رہنمائی پیش کی اور والدین کو ذہنی و نفسیاتی طور پر مضبوط رہنے کے عملی مشورے دیے۔ ڈاکٹر شیتل بھوسلے محترمہ پائل جوشی، اور دیپالی دیشمکھ نے بچوں کی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں رنگوں، روشنی اور خوشیوں کے ذریعے اپنی جذباتی دنیا کا اظہار کرنے کی ترغیب دی
تقریب میں ڈاکٹر شیلیش بورسے (ہوپ فاؤنڈیشن)، ڈاکٹر ابھینندن بورسے (پیڈیاٹرک اسپیشلسٹ)، اور جین برادرز کے انیل جوشی سمیت کئی معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ تمام مہمانوں نے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور ان کی تخلیقی کاوشوں کو دیکھ کر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔
یہ پروگرام نہ صرف تخلیق و فن کا مظہر تھا بلکہ محبت، شفقت، اعتماد اور رہنمائی کا حسین امتزاج بھی تھا’ جس نے ثابت کیا کہ ذہنی معذورین کے دلوں میں بھی وہی روشنی ہے جو دیوالی کے چراغوں میں جلتی ہے۔mun




