دماغی امراض میں مبتلا بچوں کے لیے صحت کیمپ کا ۲۶ ستمبر سے آغاز
راجستھانی ایجوکیشن سوسائٹی کا انوکھا اقدام

ناندیڑ (۱۹ ستمبر) : راجستھانی ایجوکیشن سوسائٹی کے تعاون سے اور جے وکیل فاؤنڈیشن، بی جے واڈیا چلڈرن ہاسپٹل ممبئی، کمل اڈواڈیا فاؤنڈیشن، این ایچ۔ایس آر سی سی چلڈرن ہاسپٹل ممبئی، اننم، اے او سی این انڈیا کے اشتراک سے پچھلے ۱۴ برسوں سے دماغی امراض میں مبتلا بچوں کے لیے خصوصی صحت کیمپ کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے۔ اس کیمپ سے ہزاروں مریضوں نے فائدہ حاصل کیا ہے اور یہ ان مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
اس سال یہ کیمپ اپنا ۲۸ واں کیمپ منعقد کرنے جارہا ہے جو جمعہ، ۲۶ ستمبر سے دو روز تک شہر کے مگن پورہ، نیامونڈھا میں واقع آر۔ آر۔ مالپانی مَتیمند ودیالیہ میں منعقد ہوگا۔ اس کیمپ کے انعقاد کی معلومات ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں سوسائٹی کے صدر اوم پرکاش گلڈا، نائب صدر کمل کوٹھاری، سکریٹری پرکاش مالپانی، ڈپٹی سکریٹری ڈاکٹر لکشمی کانت بجاج، خزانچی جے پرکاش کابرا اور دیگر عہدیداران نے دی۔
مریضوں کے لیے شفا بخش کیمپ
اب تک کے ۲۷ صحت کیمپوں میں سات ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ کئی نابینا مریضوں نے آنکھوں کے آپریشن کے بعد بینائی حاصل کی، ہڈیوں کے آپریشن کے بعد معذور افراد چلنے کے قابل ہوئے، جبکہ فِٹس، آٹزم اور دیگر دماغی امراض میں مبتلا بچے مسلسل علاج کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں۔
اس مرتبہ بھی کیمپ کی رہنمائی مشہور ماہرہ امراضِ دماغ ڈاکٹر انیتا ہیگڑے اور ان کی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کرے گی۔ کیمپ میں مہاراشٹر کے علاوہ آندھرا پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ سے بھی بڑی تعداد میں مریض شریک ہوں گے۔
سہولیات اور انتظامات
راجستھانی ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کے لیے قیام و طعام کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے تاکہ کوئی دقت پیش نہ آئے۔ اس سلسلے میں آر۔ آر۔ مالپانی مَتیمند ودیالیہ اور شری رام پرتاپ مالپانی موق بَہرہ ودیالیہ کے اساتذہ اور عملہ پوری تیاری میں مصروف ہے۔
نئے مریضوں کے لیے رجسٹریشن لازمی
نئے مریضوں کے لیے پیشگی رجسٹریشن ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے لیے مریضوں کو براہِ راست آر۔ آر۔ مالپانی مَتیمند ودیالیہ، مگن پورہ، نوا مونڈھا، ناندیڑ میں آنا ہوگا۔ جو مریض دور دراز سے آنا چاہتے ہیں وہ فون نمبروں ۸۲۰۸۱۱۴۸۳۲یا ۹۰۶۷۳۷۷۵۲۰ پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔




