دیگلور ناکہ فوٹ اوور بریج بند، آوارہ عناصر کا اڈہ بننے اور خستہ حالی کے سبب مہا نگر پالیکا کا سخت قدم

ناندیڑ – شہر کے معروف علاقے دیگلور ناکہ پر سال 2008 میں تعمیر کیا گیا فوٹ اوور بریج عوامی سہولت کے لیے بنایا گیا تھا تاکہ شہری بغیر کسی خطرے کے سڑک پار کر سکیں۔ تاہم، وقت کے ساتھ اس کا استعمال نہایت محدود ہو گیا اور شہریوں نے اسے نظر انداز کرنا شروع کر دیا۔

یہ غفلت اس حد تک بڑھ گئی کہ یہ بریج آوارہ گردوں، شراب نوشوں، جوا کھیلنے والوں اور نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والوں کا مرکز بن گیا۔ رات کے وقت یہاں پر غیراخلاقی حرکات، چھیڑ چھاڑ اور جرائم پیشہ سرگرمیاں عام ہو چکی تھیں، جس سے خواتین اور راہگیروں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔
مقامی عوام کی شکایات اور بریج کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے مہا نگر پالیکا نے اسے ‘خطرناک’ قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بریج کے ڈھانچے میں دراڑیں آ گئی تھیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے ، جو کہ ایک بڑے حادثے کو جنم دے سکتا ہے ۔

عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل کارپوریشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فوٹ اوور بریج پر آمد و رفت بند کر دی ہے۔ فی الحال اس کے مکمل انہدام یا مرمت کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے منصوبے بہتر نگرانی، مناسب دیکھ بھال اور بروقت مرمت کے تحت ہی جاری رکھے جائیں تاکہ عوامی سرمایہ اور سلامتی دونوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔