رمضان اور شیواجینتی کے پیش نظر شہری سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ، لوک نیائے وکاس آغاڑی کا میونسپل کارپوریشن کو مکتوب

ناندیڑ، 27 جنوری 2026: آنے والے مقدس ماہِ رمضان اور 19 فروری کو منائی جانے والی شیواجینتی کے پیش نظر شہر میں بنیادی شہری سہولیات فوری طور پر فراہم کرنے کا مطالبہ ناندیڑ لوک نیائے وکاس آغاڑی کی جانب سے ناندیڑ واگھالا سٹی میونسپل کارپوریشن سے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر کو ایک تحریری یادداشت پیش کی گئی۔

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران شہر کے تمام وارڈز میں خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی یقینی بنائی جائے، بند پڑی اسٹریٹ لائٹس فوری شروع کی جائیں اور جہاں روشنی کا انتظام نہیں ہے وہاں AMRC اسکیم کے تحت نئی ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں۔ خراب لائٹس کی مرمت کر کے انہیں دوبارہ فعال کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
رمضان میں مسلمان صبح تقریباً 2 بجے سحری کے لیے بیدار ہوتے ہیں، اس لیے سڑکوں پر صفائی کا خاص انتظام کرتے ہوئے صبح اور رات دو مرتبہ کچرا اٹھانے کا نظام نافذ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ہر وارڈ میں گھنٹا گاڑیوں کی تعداد بڑھانے کی مانگ کی گئی ہے۔

افطار کے وقت پھلوں کی خریداری میں اضافہ ہوتا ہے، اس لیے نئی آبادی، دیگلور ناکہ، نظام کالونی، کھڑکپورہ، پیربرہان نگر، ہٹّی مٹّی کا شیر، چوفالا، منیار گلی، برکی چوک اور خودوائی نگر چوک علاقوں میں پھل فروش ٹھیلوں کو منظم انداز میں لگانے کے لیے میونسپل کارپوریشن سے خصوصی انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ رمضان کے دوران شہر میں ایک دن چھوڑ کر پانی کی سپلائی باقاعدگی سے کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ رمضان اور شیواجینتی دونوں مواقع پر شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کے لیے میونسپل انتظامیہ فوری اقدامات کرے۔
یہ یادداشت گروپ لیڈر پرشانت انگولے، سابق ڈپٹی میئر عبدالغفار عبد سمیت مختلف وارڈز کے کارپوریٹرس شیخ احمد عرف بابو بھائی، ماویر چاؤس، شعیب حسین فہیم عبد منیر، محسن خان، پروین بیگم شیخ پاشا، راہل سونسالے، ستیہ پال ساونت، حلیمہ بیگم شیخ بابو، راج شری گوڈ بولے، آفیہ خاضی نافے، جیوتسنا راجو گوڈ بولے، شیخ امِ ایمن رضوان اور سنیتا جوندھلے موجود تھے




