قومی

رنکو سنگھ اور پریا سروج کی سگائی کی تقریب، معروف شخصیات کی شرکت – محبت، وقار اور روایت کا حسین امتزاج

لکھنؤ، 8 جون 2025: ٹیم انڈیا کے معروف کرکٹر رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی نو منتخب رکن پارلیمان پریا سروج نے لکھنؤ کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں نہای سادگی، وقار اور روایت کے رنگ میں رنگی ہوئی سگائی کی تقریب منعقد کی۔ اس یادگار موقع پر سیاست اور کھیل سے وابستہ کئی اہم شخصیات شریک ہوئیں، جن میں سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو، جیا بچن، رام گوپال یادو، راجیو شکلا اور دیگر شامل تھے۔

ہوٹل سینٹرم میں منعقدہ اس رنگا رنگ تقریب میں تقریباً 300 مہمانوں نے شرکت کی۔ اسٹیج پر جب رنکو اور پریا نے ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہنائیں تو پورا ماحول خوشی اور جذبات سے بھر گیا۔ اس موقع پر پریا سروج کی آنکھیں نم ہو گئیں، جبکہ دونوں نے میڈیا کے سامنے خوشگوار مسکراہٹوں کے ساتھ پوز بھی دیے۔

رنکو سنگھ سفید روایتی لباس میں جبکہ پریا سروج گلابی عروسی جوڑے میں جلوہ افروز ہوئیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کے لیے خصوصی ڈیزائنر انگوٹھیاں منتخب کی تھیں، جنہیں ممبئی اور کولکاتا سے منگوایا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان انگوٹھیوں کی مجموعی قیمت تقریباً 2.5 لاکھ روپے رہی۔

تقریب کے پکوان بھی خاص طور پر جوڑے کی پسند کے مطابق ترتیب دیے گئے تھے۔ بنگالی رس گلہ، کاجو پنیر رولز، مٹر ملائی، اور پنیر تکہ جیسے لذیذ پکوان مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنے۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ صرف دعوت نامہ رکھنے والے مہمانوں کو بارکوڈ اسکیننگ کے ذریعے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ پولیس اور پرائیویٹ گارڈز نے ہوٹل کے اطراف مکمل نگرانی سنبھالے رکھی۔

پریا سروج نے خاص طور پر اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو کو مدعو کیا تھا۔ اس کے علاوہ پارٹی کے اہم رہنما رام گوپال یادو، پشپندر سروج اور دیگر بھی موجود تھے۔ کرکٹ کی دنیا سے پروین کمار، پیوش چاولہ اور یوپی رنجی ٹیم کے کپتان آرین جوئیل نے شرکت کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔

یاد رہے کہ رنکو سنگھ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے مایہ ناز بلے باز رہ چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر 2 ون ڈے اور 33 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

دوسری جانب پریا سروج نے حالیہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار کو شکست دے کر مچھلی شہر سیٹ سے کامیابی حاصل کی۔ وہ دہلی یونیورسٹی سے گریجویٹ اور ایمیٹی یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم یافتہ ہیں۔ ان کے والد توفانی سروج تین مرتبہ رکن پارلیمان رہ چکے ہیں اور فی الوقت کیراکت سے ایم ایل اے ہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!