رواں سال مانسون 4 روز قبل کیرالہ میں دستک دے سکتا ہے، معمول سے زیادہ بارش کا امکان
27 مئی کو متوقع آمد، 2009 کے بعد سب سے جلدی مانسون ہوسکتا ہے

نئی دہلی، ١١مئی — نمائندہ خصوصي محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ جنوب مغربی مانسون رواں سال 27 مئی کو کیرالہ میں دستک دے سکتا ہے، جو کہ عام تاریخ (یکم جون) سے چار روز قبل ہوگی۔ اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے تو یہ 2009 کے بعد سب سے جلدی مانسون کی آمد ہوگی۔ یاد رہے کہ 2009 میں مانسون نے 23 مئی کو کیرالہ میں قدم رکھا تھا۔
گزشتہ برس مانسون نے 30 مئی کو، 2023 میں 8 جون، 2022 میں 29 مئی، 2021 میں 3 جون، اور 2020 میں یکم جون کو کیرالہ میں دستک دی تھی۔
معمول سے زیادہ بارش کا امکان محکمہ موسمیات کی اپریل میں جاری پیش گوئی کے مطابق، 2025 کے مانسون سیزن میں معمول سے زیادہ بارش ہونے کی امید ہے۔ وزارتِ ارضیاتی سائنسز کے سیکریٹری ایم روی چندرن کے مطابق، ملک میں مانسون کے دوران 105 فیصد بارش ہوسکتی ہے، جو کہ سالانہ اوسط 87 سینٹی میٹر سے کہیں زیادہ ہے۔
یہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رواں سال ال نینو اثر کی شدت کم ہوگی، جو عام طور پر بارش میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس بنا پر بارش کے معمول سے زیادہ ہونے کا امکان تقویت پکڑ رہا ہے۔
کیرالہ میں جلد مانسون کا مطلب؟ محکمہ موسمیات نے وضاحت کی ہے کہ کیرالہ میں مانسون کی جلد یا دیر سے آمد کا یہ مطلب نہیں کہ ملک بھر میں بارش بھی اسی تناسب سے کم یا زیادہ ہوگی۔ بارش کی شدت پر کئی دیگر ماحولیاتی عناصر اثر انداز ہوتے ہیں۔
خلیج بنگال میں بھی قبل از وقت پیش رفت حال ہی میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 13 مئی کو ہی مانسون جنوبی بحیرہ انڈمان، خلیج بنگال کے کچھ حصوں اور نکوبار جزائر میں پیش قدمی کر سکتا ہے، جب کہ عمومی طور پر یہ 20 مئی کے آس پاس ہوتا ہے۔
زرعی شعبہ کے لیے مانسون کی اہمیت ہندوستان میں 42 فیصد آبادی کی معاشی سرگرمیاں زراعت سے وابستہ ہیں، اور زرعی شعبہ ملک کی معیشت میں 18 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ ایسے میں مانسون کی بارش نہ صرف زراعت بلکہ آبی ذخائر، بجلی کی پیداوار اور مجموعی معیشت کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔