ریاست مہاراشٹر تمام اسکولوں میں بیک وقت طلباء کی تصدیقی جانچ مہم۔۔
حکومت نے ضلع کلکٹرز اور ایجوکیشن آفیسرز کو دیے احکامات۔۔

تعلیمی اداروں میں تشویش کا ماحول
لاتور (محمد مسلم کبیر)حکومت مہاراشٹر ریاست کے تمام اسکولوں میں طلباء کی تعداد اور اساتذہ کی اہلیت کو بیک وقت جانچنے کے لیے ایک خصوصی تصدیقی مہم شروع کرے گی۔ اس کے لیے محکمہ تعلیم،ریونیو اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران کی ایک ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے۔ یہ ٹیم بیک وقت ریاست کے تمام اسکولوں کا اچانک دورہ کرے گی۔ تاہم ہنوز تاریخ طے نہیں کی گئی۔

حکومت نے اسکولوں میں جعلی دستاویزات کے ذریعے اسکول میں داخلہ دیے گئے طلبہ کی حاضری پر قابو پانے کے لیے خصوصی تصدیقی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے نفاذ سے متعلق ایک خط ریاست کے تمام ضلع کلکٹرز اور ایجوکیشن آفیسرز کو بھیجا گیا ہے۔ محکمہ تعلیمات اور محکمہ محصول کے عہدیداران اور ملازمین اس تصدیقی مہم میں حصہ لے کر جعلی طلبہ اور اساتذہ کی نشاندھی کرینگے۔ جانچ کرنے والی ٹیم ہر
جماعت کے حاضری رجسٹر پر درج طلباء اور اصل میں کلاس میں موجود طلباء کی تحقیقات کرتے ہوئے تصدیق کرے گی۔ غیر حاضر اور جعلی طلباء کو حاضر اور موجود بتانے والے متعلقہ اساتذہ اور صدر مدرس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ خصوصی تصدیق مہم سے قبل، اسکولوں کے صدر مدرس کو مرکز کے سربراہ اور پھر بلاک ایجوکیشن آفیسر سے حاضری رجسٹروں میں طلبہ کی درج شدہ معلومات کی تصدیق کرنی ہوگی۔ پھر اس میں کسی قسم کا رد و بدل نہیں کیا جاسکتا ۔
حکومت کے اس فیصلے سے خانگی تعلیمی اداروں میں تشویش کا ماحول پایا جا رہا ہے۔




