مہاراشٹرا

سنجے راؤت کی ہتک عزت شکایت پر وزیر نتیش رانے کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری

مسلسل غیر حاضری پر عدالت کا سخت قدم، 18 جولائی کو اگلی سماعت

ممبئی | نمائندۂ خصوصی: شیو سینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راؤت کی ہتکِ عزت کی شکایت پر ممبئی کی ایک عدالت نے مہاراشٹر کے وزیر اور بی جے پی لیڈر نتیش رانے کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے یہ کارروائی رانے کی مسلسل غیر حاضری کے باعث کی ہے۔

سنجے راؤت نے 2023 میں عدالت سے رجوع کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ نتیش رانے نے ان کے خلاف جھوٹا اور توہین آمیز بیان دیا، جس میں انہیں ’سانپ‘ کہہ کر مخاطب کیا گیا اور یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ وہ جلد ہی ادھو ٹھاکرے کو چھوڑ کر این سی پی میں شامل ہو جائیں گے۔ راؤت کے مطابق، یہ بیان دانستہ طور پر ان کی ساکھ کو مجروح کرنے کی نیت سے دیا گیا، جو کہ ہتکِ عزت کے زمرے میں آتا ہے۔

عدالت کی متعدد وارننگ کے باوجود غیر حاضری
اس کیس کی کئی سماعتیں ہو چکی ہیں لیکن نتیش رانے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے پہلے بھی ان کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ 2 جون کو رانے کی طرف سے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دی گئی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

جمعرات کے روز، مجسٹریٹ اے اے کلکرنی نے مشاہدہ کیا کہ رانے عدالت کے احکامات کو مسلسل نظرانداز کر رہے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کا حکم صادر کیا گیا۔

پولیس کو عمل درآمد کی ہدایت
عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ 18 جولائی کو ہونے والی آئندہ سماعت سے قبل وارنٹ پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرے۔

واضح رہے کہ نتیش رانے، سابق مرکزی وزیر نارائن رانے کے صاحبزادے ہیں اور مہاراشٹر کے کُونکن علاقے سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔ وہ اپنے جارحانہ سیاسی انداز اور متنازع بیانات کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!