سیرتِ سرورِ کونین کوئز مقابلوں میں دیولگاؤں راجا تعلقے کی نمایاں کارکردگی

بلڈھانہ: 19 اکتوبر (نمائندہ): تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ بلڈھانہ کی جانب سے ضلع کے تمام تعلقوں کے اسکولوں کے طلبہ کے لیے حال ہی میں منعقد کیے گئے سیرتِ سرورِ کونین کوئز مقابلوں میں دیولگاؤں راجا تعلقے نے تاریخ رقم کی ہے جہاں کے طلبہ نے ضلع سطح کے ٹاپ نو میں سے تین مقامات حاصل کیے۔
تفصیلات کے مطابق تحفظِ ناموسِ رسالت بورڈ ضلع بلڈھانہ کی جانب سے ماہِ ربیع الاول شریف اور پندرہ سو سالہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک موقع پر ضلع کے تمام تیرہ تعلقوں کے اسکولوں کے طلبہ کے لیے تین گروپوں اور تین مرحلوں کے تحت سیرتِ سرورِ کونین کوئز مقابلوں کا شاندار اور کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ فائنل مقابلے کے فاتحین کے لیے گزشتہ دنوں چکھلی میں ایک جلسۂ تقسیمِ انعامات کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تینوں زمروں الف، ب اور ج کے اول دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے نو طلبہ کو اسناد، انعامات اور رقم سے نواز کر تہنیت پیش کی گئی۔ اس جلسے کی خاص بات یہ رہی کہ مسابقتی مقابوں میں شمالی بلڈھانہ ضلع سے اکثر پیچھے رہ جانے والے جنوبی بلڈھانہ نے اس بار شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ نو میں سے چھے مقامات حاصل کرلیے۔ اس میں بھی اکیلے دیولگاؤں راجا تعلقے نے ہر گروپ میں سے ایک ایک کے من جملہ تین مقامات حاصل کرلیے۔ ان کی تفصیل اس طرح ہے:
گروپ الف سے آمنہ فاطمہ انیس شیخ (ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانی مدرسہ، دیول گاؤں مہی، تعلقہ دیول گاؤں راجا) نے پورے ضلع میں اول مقام حاصل کرتے ہوئے اپنے اسکول، گاؤں اور تعلقہ کا نام روشن کیا۔ گروپ ب سے شیخ ذکوان شیخ مقصود (آمنہ عزیز اردو ہائی اسکول، دیول گاؤں راجا، تعلقہ دیول گاؤں راجا) تیسرے انعام کے مستحق قرار پائے۔ وہیں گروپ ج سے صالحہ فاطمہ ضمیر شیخ ( متعلمہ ایس این ڈی ٹی ویمنز یونیورسٹی ممبئی، ساکن دیولگاؤں مہی، تعلقہ دیول گاؤں راجا) ضلع میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ ان تمام کامیاب اور انعام یافتہ طلبہ کو ان کے اسکولوں، گاؤں والوں اور اعزا و اقربا کی جانب سے تہنیتیں اور مبارکبادیاں پیش کی جارہی ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ دیولگاؤں راجا تعلقے کے طلبہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے اور آئندہ بھی تعلقے کا نام روشن کریں گے۔ جنوبی بلڈھانہ کے دیگر تعلقوں کے انعام یافتہ طلبہ میں مدیحہ فردوس یونس خان، مولانا آزاد اردو جونیئر کالج سند کھیڑ راجا، عشبہ ثمین سید راحت علی، ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانی مدرسہ برائے طالبات، دیول گھاٹ، تعلقہ بلڈھانہ، آمنہ شینم محمد سلیم، جوتی با پھلے اردو ڈی ایل ایڈ کالج چکھلی شامل ہیں۔ شمالی بلڈھانہ سے شبنم بانو محمد یوسف اور جویریہ نور محمد رضوان، اُردو گرلس ہائی اسکول، ملکہ پور، آمنہ فردوس سید منیر الدین، تعلقہ جلگاؤں جامود شامل ہیں جبکہ سحر انجم محمد شریف، مجیدیہ اردو ہائی اسکول چاندور بسوا، تعلقہ ناندورہ نے ترغیبی انعام حاصل کیا ہے۔




