"سیرتِ نبوی ﷺ سے وابستگی کا ثمر — ملّت ہائی اسکول کے طلبہ کی روح پرور کامیابی”

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)۔
علم و ایمان کی خوشبو سے معطر ایک خوبصورت لمحہ اُس وقت رقم ہوا جب ملّت ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج مہرون، جلگاؤں کے طلبہ نے سیرتُ النبی ﷺ اور ختمِ نبوتؐ پر منعقدہ تحریری کوئز مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ یہ مقابلے جماعتِ اسلامی ہند، مہاراشٹر کی جانب سے ریاستی سطح پر، اور الحفّاظ فاؤنڈیشن جلگاؤں و تحفّظِ دین اورنگ آباد کے اشتراک سے منعقد کیے گئے تھے۔
اس روحانی ماحول میں علم و عقیدت کی مشعل روشن کرنے والے طلبہ کو نہ صرف مبارکباد دی گئی بلکہ ایک شایانِ شان تہنیتی تقریب میں انعامات سے بھی نوازا گیا۔ ان خوش نصیب طلبہ کو سائیکل، اسٹڈی ٹیبل، اور نقد انعامات (2000، 1500، 1000) عطا کیے گئے، جب کہ اسکول کے صدر مدرس اور سوپروازئر کو بھی خصوصی اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پر انتظامیہ کے صدر محمد رفیق شاہ، سیکریٹری شیخ فرید، جوائنٹ سیکریٹری سید عابد علی، خازن شیخ ایاز الدین، صدر مدرس حفیظ منیار، سوپروائزر سید مختار اور تمام معلمین نے شرکت کی اور طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ نمایاں کامیاب طلبہ:فردوس شفیق پٹیل (پنجم جماعت) اوّل مقام۔ادیب شیخ شاکر (پنجم جماعت) اوّل مقام۔(اس طالبہ نے دونوں مقابلوں میں اوّل مقام حاصل کیا)۔انویش فاطمہ عمران خان (پنجم جماعت) دوّم مقام۔
اوصاف خان وسیم خان (پنجم جماعت) سوّم مقام شیث احمد شیخ شکیل (پنجم جماعت) چہارم مقام۔محمد زبیر محمد سلیمان برکاتی (پنجم جماعت) پنجم مقام۔علینہ فاطمہ شیخ یوسف (پنجم جماعت) اعزازی انعام۔وسیعہ بی رفیق خان (ششم جماعت) اعزازی انعام اس روحانی و علمی کامیابی نے جہاں والدین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی، وہیں اساتذہ و انتظامیہ کے دلوں میں اطمینان و فخر کی لہر دوڑا دی۔ واقعی، یہ کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ جب تعلیم کا مقصد عشقِ رسول ﷺ اور اتباعِ سیرت ہو تو کامیابی محض انعام نہیں بلکہ ایمان کی خوشبو بن کر دلوں کو معطر کر جاتی ہے۔’’سیرت سے وابستگی ہی اصل کامیابی ہے‘ ملّت ہائی اسکول کے طلبہ نے اپنے عمل سے اس حقیقت کو ثابت کر دکھایا۔




