مہاراشٹرا

"سیرت کی شمع سے روشن ہوا شعیب ہاشمی کا علمی سفر”

ڈاکٹر شعیب ہاشمی کو ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ پر پی ایچ ڈی کی سند — اردو تحقیق و سیرت نگاری کے میدان میں ایک انمول اضافہ

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)
اردو ادب اور سیرتِ طیبہ کی ضیاء بار فضا میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے، مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ممتاز صحافی و مصنف ڈاکٹر شوائب ہاشمی کو "سیرت النبی ﷺ” کے اہم اور پاکیزہ موضوع پر پی ایچ ڈی کی سند عطا کی گئی ہے۔یہ اعزاز انہیں ایم جی ایم یونیورسٹی، اورنگ آباد کے اردو شعبہ کی جانب سے تفویض کیا گیا۔ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان ہے:
"1980 کے بعد سیرت النبی ﷺ کا تجزیاتی مطالعہ (نمائندہ سیرت نگاروں کے تناظر میں)”
اس مقالے میں ڈاکٹر ہاشمی نے 1980 کے بعد اردو زبان میں سیرت نگاری کے علمی، فکری اور ادبی رجحانات کا باریک بینی سے تجزیہ پیش کیا ہے۔
انہوں نے اس عہد کے نمایاں سیرت نگاروں کی کاوشوں، ان کے اسلوب، مقاصد اور ادبی اثرات کا تحقیقی جائزہ لیتے ہوئے سیرت نگاری کے ارتقائی سفر کو مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔ ان کا یہ تحقیقی کام اردو ادب میں سیرت نگاری کے معاصر منظرنامے کو سمجھنے کے لیے نہایت قیمتی حوالہ ثابت ہوگا۔ڈاکٹر شعیب ہاشمی کا یہ مقالہ اپنی منفرد طرزِ تحریر، غیر جانبدار تجزیہ اور مستند حوالہ جات کی بدولت اردو تحقیق میں ایک مؤثر اور معتبر ماخذ بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے نہ صرف معاصر سیرت نگاروں کی کاوشوں کا گہرا مشاہدہ پیش کیا، بلکہ اردو زبان میں سیرت النبی ﷺ کے نئے فکری رجحانات کو بھی نمایاں انداز میں اجاگر کیا۔ان کا یہ کام طلبہ، محققین اور سیرت کے قارئین کے لیے ایک قیمتی رہنما ثابت ہوگا۔
باوقار ’’وائیوا‘‘ کا انعقاد۔
پی ایچ ڈی کی ’’وائیوا‘‘ ایک پروقار تقریب کی شکل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر انکیش راؤ قدم، وائس چانسلر پروفیسر ویلاس سپکال، ڈین ڈاکٹر ریکھا شیلکے، کنٹرولر آف ایگزامینیشن پروفیسر ایچ ایچ شنڈے، اور موضوعاتی ماہر ڈاکٹر عبداللہ امتیاز (صدر شعبۂ اردو، ممبئی یونیورسٹی) کی موجودگی نے تقریب کو وقار بخشا۔تقریب کا آغاز رہنما تحقیق ڈاکٹر اسود گوہر کے تعارفی خطاب سے ہوا۔ بعد ازاں محقق ڈاکٹر شعیب ہاشمی نے اپنے تحقیقی موضوع پر مفصل اظہارِ خیال کیا اور مہمانانِ خصوصی و ماہرین کی جانب سے کیے گئے سوالات کے مدلل، واضح اور اطمینان بخش جوابات دیے۔ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:”ڈاکٹر شعیب ہاشمی نے سیرت کے اس نازک و اہم موضوع پر جس سنجیدگی اور احتیاط کے ساتھ کام کیا ہے، وہ نئی نسل، اساتذہ اور محققین کے لیے ایک قیمتی دستاویز ہے۔”ڈاکٹر ریکھا شیلکے نے’’ڈاکٹر آف فلاسفی” کی ڈگری پیش کرتے ہوئے ان کے تحقیقی موضوع کو سراہا اور نیک تمنائیں پیش کیں۔نمایاں علمی و ادبی شخصیات کی شرکت۔اس علمی محفل میں پروفیسر سلیم محی الدین، نور الحسین، ڈاکٹر نوید قاضی، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر مسرت فاطمہ، ڈاکٹر اشفاق احمد، یاسر احمد، محسن خان، ڈاکٹر شاہین فاطمہ اور دیگر کئی معتبر علمی، تحقیقی اور ادبی شخصیات شریک ہوئیں۔
ڈاکٹر شعیب ہاشمی: ادب و صحافت کا روشن چہرہ ڈاکٹر ہاشمی نے ایم اے جرنلزم میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ انہوں نے اردو ادب صحافت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا دونوں میں ایک سنجیدہ، باشعور اور فکری شناخت قائم کی ہے۔ان کا یہ تحقیقی کام اردو سیرت نگاری کے علمی ذخیرے میں ایک نہایت گراں قدر اضافہ ہے، جو سیرت کے شائقین، محققین اور دین و انسانیت سے محبت رکھنے والوں کے لیے ایک بیش قیمت تحفہ ہے۔
todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!