شہر
سیلاب متاثرین کے سروے اور معاوضہ کے لیے بھوک ہڑتال

ناندیڑ۔ ۳؍ نومبر ( نامہ نگار ):ناندیڑ شہر میں پچھلے ماہ شدید بارش سے کئی علاقوں میں بارش کا پانی مکانوں میں داخل ہو چکا تھا۔ شدید بارش اور سیلاب کے سبب شہر کے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مکانات کو نقصان پہنچا تھاا ور لوگوں کا مالی نقصان بھی ہوا تھا۔ ابتداء میں پہلی بار ہوئی شدید بارش کا سروے کیا گیا اور نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرنے کا کام شروع کیا گیا تھا۔ دوسری بار بادل پھٹنے اور شدید بارش سے جو سیلاب آیا تھا اس کے بعد کئی علاقوں کے متاثرین کا ابھی تک سروے نہیں ہوا۔
اس سلسلہ میں کانگریس پارٹی کے سابق کارپوریٹرس نے پچھلے کچھ دنوں سےمسلسل ضلع کلکٹر اور میونسپل کمشنر سے نمائندگی کی تھی ۔ سروے کام شروع نہ ہونے اور معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے بلا آخر آج سابق ڈپٹی میئر عبدالغفار کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے سابق کارپوریٹر کے ایک وفد نے کلکٹر آفس کے روبرو صبح سے بھوک ہڑتال شروع کر دی تھی ۔ اس بھوک ہڑتال میں رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان ، کانگریس کے شہر صدر عبدالستار، سابق ڈپٹی میئر عبدالشمیم ، آنند چوہان، مہیلا شہر صدر ڈاکٹر جمداڑے سمیت کانگریس پارٹی کے قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی ۔
بھوک ہڑتال میں سابق ڈپٹی میئر عبدالغفار کے ساتھ سابق کارپوریٹر عبدالحبیب باغبان، سید فصیح الدین، ایڈوکیٹ محمد ناصر، بابو بھائی کھوکھے والے، عبدالطیف ، عبدالرحیم ، رحیم احمد خان، شیخ جاوید چائوش ، عبدالعزیز قریشی شامل رہے۔ کانگریسی قائدین کی بھوک ہڑتال سے انتظامیہ میں کھل بلی مچ گئی تھی اور بلا آخر شام میں ایک تحریری مکتوب انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا اور تیقن دیا گیا کہ سروے کام مکمل کر کے سیلاب متاثرین کے بینک کھاتوں میں جلد سے جلد امائونٹ ٹرانسفر کیا جائے گا ۔ کانگریس کے قائدین نے آئندہ دنوں اگر متاثرین کے بینک کھاتوں میں رقم فوری جمع نہیں ہوتی ہے تو رکن پارلیمنٹ رویندر چوہان کی قیادت میں ایک بڑا احتجاج منعقد کیا جائے گا۔




