شفع الرحمٰن اقلیتی شہر و ضلع صدر مقرر
ناندیڑ میں سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری


ناندیڑ: راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) نے ایک اہم تنظیمی فیصلے کے تحت شفع الرحمٰن کو اقلیتی ونگ کا ناندیڑ شہر و ضلع صدر مقرر کیا ہے۔ شفع الرحمٰن گزشتہ 26 برسوں سے پارٹی کے ساتھ دیانتداری اور خلوص کے ساتھ وابستہ ہیں۔ 1999 میں پارٹی کے قیام کے وقت سے ہی وہ مسلسل سرگرم رہے اور ہمیشہ پارٹی کے نظریات، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کو ترجیح دی۔
پارٹی حلقوں میں اس بات کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کہ شفع الرحمٰن نے اپنے پورے سیاسی سفر میں کبھی بھی پارٹی سے دغا یا بغاوت نہیں کی۔ انہوں نے ہمیشہ پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھائی، مشکل حالات ہوں یا سیاسی اتار چڑھاؤ—شفع الرحمٰن پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کی طویل خدمات اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک اعلیٰ اور باوقار عہدے سے نوازا گیا ہے۔
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے اقلیتی ونگ کے ریاستی صدر افضل فاروق نے ایک خصوصی تقریب میں شفع الرحمٰن کے تقرر کا باضابطہ تقرری نامہ اپنے ہاتھوں سے پیش کیا۔ اس موقع پر تنظیمی فضا انتہائی پُرجوش تھی اور کارکنان نے نئے صدر کا خیرمقدم کیا۔
تقریب میں کئی اہم شخصیات موجود تھیں جن میں ڈاکٹر سنیل قدم، ڈاکٹر مجاہد خان، الیگاؤنکر، تد لاپورکر، ڈونگلیکر میڈم کے علاوہ متعدد پارٹی عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔ تمام موجود رہنماؤں نے شفع الرحمٰن کی برسوں کی بے لوث خدمات کو سراہا اور اس تقرری کو اقلیتی ونگ کے لیے خوش آئند قدم قرار دیا۔

پارٹی کے سینئر لیڈران کا کہنا تھا کہ شفع الرحمٰن ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہے ہیں۔ ان کی خوش مزاجی، سماجی روابط اور تنظیمی قابلیت نے انہیں کارکنان میں مقبول بنایا ہے۔ ان کی تقرری سے اقلیتی طبقے میں نئی امید پیدا ہوئی ہے اور یقین ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اقلیتی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔
شفع الرحمٰن نے تقرری کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ یہ عہدہ ان کے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ وہ پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور اقلیتی طبقے کی ترقی و رہنمائی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ناندیڑ میں اس تقرری کو سیاسی و سماجی حلقوں نے نہ صرف خوش آئند قرار دیا بلکہ اسے اقلیتی ونگ کے لیے نئی سمت اور مضبوط قیادت کا آغاز بھی کہا جا رہا ہے۔




