شہر ناندیڑ میں عظیم الشان یک روزہ سائنسی نمائش کا انعقاد، عوام الناس کو بڑے پیمانے پر شرکت کی گزارش:

اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا، ضلع ناندیڑ کی جانب سے منعقد ہونے والے عظیم الشان ضلعی تعلیمی پروگرام "ارتقاء 2.0 (Where belief fuel brilliance) ” کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ تعلیمی و سائنسی فیسٹیول طلبہ میں علم، تحقیق، اخلاقی اقدار اور معاشرتی خدمت کا جذبہ بیدار کرنے کے لیے ایک ہمہ جہت پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
ایس ائی او کے ذمہ دار کا کہنا ہے کہ طلبہ و نوجوانوں کی استعداد سازی ایک اہم مسئلہ ہے جب تک بحیثیت مجموعی ہم ہمارے نوجوانوں کی استعداد سازی پر توجہ نہیں دیں گے تب تک کوئی غیر معمولی تبدیلی لانا بہت ممکن نہیں ہے۔ جہاں ہم یہ دیکھتے ہیں کہ بہت بڑے پیمانے پر دنیا تعلیمی میدان میں تخلیقیت کا سفر طئے کر رہی ہے، وہیں مسلمانوں کی تعلیمی صورتحال بہتر تو ہورہی ہے لیکن ابھی بھی رفتار اور معیار بڑھانے کی ضرورت ہے ، اور یہ اقدام ان مسائل کو مخاطب کرنے کی ایک کوشش ہے ۔

26 نومبر بروز بدھ 2025 کو بمقام حیدر گارڈن فنکشن ہال میں سائنسی نمائش رکھی گئی ہے جسکا وقت صبح 10:00 بجے سے شام 7:00بجے تک رہیگا. سائنس ایگزیبیشن کے ذریعے طلبہ کو سائنس کے مختلف شعبوں جیسے فلکیات، ماحولیات، طب، روبوٹکس، اور آٹومیشن کی عملی معلومات حاصل ہوتی ہے۔ یہ طلبہ کو صرف نصابی علم تک محدود نہیں رکھتے بلکہ انہیں روزمرہ زندگی کی سائنسی حقیقتوں سے آگاہ کرتے ہیں۔ اس دوران وہ اساتذہ اور ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کر کے اپنی معلومات میں اضافہ کرتے ہیں اور اعتماد پاتے ہیں۔
سائنس ایگزیبیشن سے معاشرے میں تحقیق و جستجو، سائنسی آگاہی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں نمایاں مدد ملتی ہے۔ یہ نمائش طلبہ کو مستقبل کے تخلیق کار بننے کی ترغیب دیتی ہے، اور ملک و قوم کی ترقی میں ان کے کردار کو بڑھاتی ہے۔

اسی بنیادی مقصد کے تحت ’’ارتقاء 2.0‘‘ سائنس اینڈ انویشن ایگزیبیشن منعقد کی جا رہی ہے تاکہ ناندیڑ کے ہونہار طلبہ اپنی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں، سائنس کے شعبوں میں دلچسپی پیدا ہو اور معاشرے کے علم دوست اور جدید خیالات کے حامل افراد سامنے آئیں۔
اس موقع پر اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن ناندیڑ کی جانب سے تمام شہریوں سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سائنس اینڈ انویشن ایگزیبیشن کا حصہ بنیں، یہاں شرکت کر کے علم و تحقیق سے دلچسپی رکھنے والے نوجوان طلبہ کی حوصلہ افزائی کریں۔ آپ سب کی موجودگی نہ صرف طلبہ کے جذبے کو بڑھائے گی بلکہ شہر میں سائنسی شعور اور جدید خیالات کی ترویج میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آئیے مل کر اس علمی و تخلیقی نمائش کو کامیاب بنائیں اور نئی نسل کو مستقبل کے تعمیر میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔




