اسلامی
شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل رح اور مولانا غلام محمد وستانوی رح کا انتقال ایک روحانی و ملی خلاء

سہارنپور ، 5 مئی 2025 وحدت اسلامی ہند کے امیر ضیاء الدین صدیقی نے جامعہ مظاہرہ علوم کے ناظم اعلیٰ شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل رح اور جامعہ اشاعت علوم اکل کوا کے بانی مولانا غلام محمد وستانوی رح کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل رح کے انتقال کے باعث ایک عظیم روحانی خلاء پیدا ہوگیا ہے ۔ شیخ الحدیث مولانا سید محمد عاقل رح درحقیقت نمونہ اسلاف اور محدث وقت کی حیثیت رکھتے تھے ۔ ہزاروں متوسلین ان سے دینی و روحانی فیض حاصل کرتے رہے ہیں ۔
امیر وحدت اسلامی ہند ضیاء الدین صدیقی نے کہا کہ مولانا غلام محمد وستانوی رح کے ذریعے ملک میں ایک تعلیمی تحریک چلائی جا رہی تھی ۔ جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا کے ذریعے ایک مخلصانہ آغاز ہوا اور دینی، عصری و جدید پیشہ ورانہ علوم کے متعدد معیاری مراکز وجود میں ائے۔ مولانا غلام محمد وستانوی رح کی واضح فکر اور مخلصانہ جدوجھد کے یہ ثمرات ہیں ۔ یہ ادارے ملت اسلامیہ ہند کی علمی و تعلیمی نشاتہ ثانیہ کے امین بھی ہیں ۔
رب العالمین سے دعا ہے کہ ان بزرگوں کی مغفرت فرمائے اور جنتہ الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔ دعا ہے کہ رب تعالٰی ان کے وارثین و متوسلین کو صبر جمیل سے نوازے اور ملت کو ان کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے آمین ۔