مہاراشٹرا

صیرآباد نگر پریشد انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کی توثیق، اسلم تنویر اور ایڈوکیٹ اقبال شیخ کا اعزاز

جلگاؤں (نامہ نگار): نصیرآباد نگر پریشد کے حالیہ عام انتخابات نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور وہ شخصیات کو کارکردگی، نظریے اور عوامی وابستگی کی بنیاد پر منتخب کر رہے ہیں۔ ان انتخابات میں شیوسینا (ابّا ٹھاکرے) کے امیدوار، سینئر ادبی و سماجی شخصیت اسلم تنویر اور آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے والے نوجوان سیاسی رہنما ایڈوکیٹ اقبال شیخ ابراہیم نے نمایاں کامیابی حاصل کر کے عوامی اعتماد پر مہر ثبت کی ہے۔ اس انتخابی کامیابی کے بعد شفاء الرضا کلینک کے زیر اہتمام ایک خصوصی تہنیتی نشست منعقد کی گئی، جس میں دونوں کامیاب امیدواروں کو گل و شال پیش کر کے مبارکباد دی گئی۔

نشست میں سینئر صحافی عقیل خان بیاولی، ڈاکٹر فردوس ندیم، معین اقبال (فارماسسٹ)، محمد خضر خان، عاصم خان اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شریک تھیں۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسلم تنویر اور ایڈوکیٹ اقبال خان نے کہا کہ نصیرآباد کے عوام نے جس بھروسے اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں منتخب کیا ہے، وہ اس اعتماد کو عملی کارکردگی میں تبدیل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری مسائل، بنیادی سہولتوں، شفاف نظم و نسق اور ترقیاتی کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا اور نگر پریشد میں بلا تفریق عوامی مفاد کو اولیت دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی سیاست کا محور اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت، جواب دہی اور مقامی ترقی ہے، اور وہ اپوزیشن و حکمراں طبقے کے درمیان صحت مند جمہوری کردار ادا کرتے ہوئے نصیرآباد کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کریں گے۔ آخر میں محمد خضر خان نے اظہارِ تشکر کیا۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!