عازمینِ حج کی رہنمائی کے لیے ناندیڑ میں دوسرا حج تربیتی کیمپ

خادمِ حجاج ٹرسٹ ناندیڑ کی جانب سے آج انور گارڈن میں دوسرا حج تربیتی کیمپ نہایت عقیدت، نظم و ضبط اور روحانی ماحول میں منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ کا مقصد عازمینِ حج کو حج و عمرہ کے مناسک اور عملی مراحل سے مکمل طور پر آگاہ کرنا تھا تاکہ وہ اپنا فریضۂ حج صحیح طریقے سے ادا کر سکیں۔

اس موقع پر اورنگ آباد سے تشریف لائے ممتاز علمائے کرام و ماہرینِ حج ساجد انور صاحب، پروفیسر فیصل صاحب اور اکبر قادری صاحب نے عمرہ اور پانچ روزہ حج کے تمام اعمال، ارکان، واجبات، سنن، احرام باندھنے کا طریقہ، طواف، سعی، وقوفِ عرفات، مزدلفہ، منیٰ، رمیِ جمرات اور قربانی سے متعلق نہایت تفصیل کے ساتھ عملی اور آسان انداز میں رہنمائی کی۔ مقررین نے عازمین کو درپیش ممکنہ مسائل اور ان کے حل پر بھی روشنی ڈالی اور سوال و جواب کے سیشن میں شرکاء کے شبہات دور کیے۔
تربیتی کیمپ میں حج کمیٹی اور مختلف ٹورز کے ذریعے جانے والے عازمینِ حج مرد اور خوتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عازمین نے خادمِ حجاج ٹرسٹ کی اس کاوش کو نہایت قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے تربیتی کیمپ حج کی تیاری میں بے حد معاون ثابت ہوتے ہیں۔
کیمپ کو کامیاب بنانے میں خادمِ حجاج ٹرسٹ ناندیڑ کے صدر عقیل احمد قندھاری کی قیادت میں تمام ذمہ داران نے بھرپور محنت کی۔ اس موقع پر معین صاحب، ایڈووکیٹ ندیم صاحب، نوید صاحب، سکندر صاحب، جنید ورسانی صاحب، میر جاوید علی، حسنین اور حیدر علی نے نظم و نسق، انتظامات اور رہنمائی کے فرائض بخوبی انجام دیے۔
آخر میں خادمِ حجاج ٹرسٹ ناندیڑ کی جانب سے تمام مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا اور آئندہ بھی اس طرح کے مزید تربیتی کیمپ منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
تیسرا کیمپ 8فروری 2026 اور چوتھ کیمپ 29 مارچ 2026 کو انور گارڈن میں منعقد ہوگا




