اسلامی

عالمہ کورس کرنے والی ۱۳؍ طالبات کی شاندار کامیابی – دینی اور عصری تعلیم کا حسین امتزاج

مالونی، 15 مئی – دینی و عصری تعلیم کے حسین امتزاج کی ایک قابل فخر مثال جامعہ فقیہۃ البنات، مالونی گیٹ نمبر ۷؍ میں اُس وقت سامنے آئی جب عالمہ کورس کرنے والی ۱۳؍ طالبات نے ایس ایس سی (دسویں جماعت) کے امتحان میں نمایاں نمبرات کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

یہ پہلا موقع تھا جب اس ادارے کی طالبات نے ایس ایس سی امتحان میں شرکت کی اور بفضلِ خدا تمام طالبات کامیاب ہوئیں۔ اس کامیابی سے ادارے کے ذمہ داران، اساتذہ اور والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

جامعہ فقیہۃ البنات کو معروف بزرگ حافظ ساجد علی میاں صابریؒ نے قائم کیا تھا، جہاں طالبات کئی برسوں سے علومِ نبویہ حاصل کر رہی ہیں۔ ادارے کے موجودہ سربراہ سید مخدوم صابری نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ:
’’حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے فراہم کردہ امداد کے تحت یکم تا آٹھویں جماعت تک عصری تعلیم کا باضابطہ نظم کیا گیا ہے۔ نویں اور دسویں جماعت کی تیاری کے لیے ہم نے ماہر اساتذہ کی خدمات حاصل کیں، جنہوں نے طالبات کی بھرپور رہنمائی کی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ: ’’۱۳؍ طالبات کی اس پہلی کوشش میں کامیابی نے ہمیں مزید محنت کرنے اور بہتر نتائج کی امید دلائی ہے۔ اب ہمارا عزم ہے کہ اگلے سالوں میں اور بھی زیادہ طالبات کو اس میدان میں کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔‘‘

یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دینی مدارس بھی عصری تعلیم میں کسی سے پیچھے نہیں اور اگر صحیح رہنمائی و منصوبہ بندی کے ساتھ کام کیا جائے تو دینی تعلیم حاصل کرنے والی طالبات بھی روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکتی ہیں۔

todayonelive@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!