فاروق شیخ؛ جلگاؤں فٹبال کی شناخت، ویفا کی جانب سے اعزاز حاصل کر کے کھیلوں کی دنیا میں روشن چراغ

عقیل خان بیاولی، جلگاؤں
کھیل صحافت کی دنیا میں یہ خبر نہ صرف جلگاؤں کے لئے بلکہ مہاراشٹر فٹبال کے لئے بھی باعثِ فخر ہے کہ جلگاؤں ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے معتمدِ عمومی فاروق شیخ کو ویفا (مہاراشٹر اسٹیٹ فٹبال باڈی) کی سالانہ تقریب میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔ ٢٧ ستمبر ٢٠٢٥ کو ممبئی کے کُپریج میدان کے میڈیا ہال میں ایک یادگار لمحہ رقم ہوا جب ویفا کے صدر، رکنِ پارلیمان پرفل پٹیل نے فاروق شیخ کو لیپ ٹاپ پیش کر کے ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر نہ صرف فاروق شیخ کی کوششوں کو تسلیم کیا گیا بلکہ فٹبال کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ویفا کی جانب سے تمام اضلاع کو ایک لاکھ روپے اور ڈاکٹر وشنو جیت قدم کی طرف سے پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔
ایوارڈ تقریب میں سال ٢٠٢٤-٢٥ کی رنر ٹیم کے کپتان کو بھی فاروق شیخ اور اظہر پٹیل کے ہاتھوں سے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ لمحہ کھلاڑیوں کے لئے نہ صرف حوصلہ افزائی کا سبب تھا بلکہ جلگاؤں کے لئے بھی وقار کا باعث رہا۔ سالانہ جنرل میٹنگ میں فاروق شیخ نے ایک اہم تجویز رکھی کہ پارلیمانی کھیل مہوتسو میں فٹبال کو شامل کیا جائے۔ یہ تجویز صدرِ اجلاس نے فوری طور پر منظور کی اور اسے وزارتِ کھیل، حکومتِ ہند کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ اقدام نہ صرف فٹبال کے شوقین نوجوانوں کے لئے نئی راہیں کھولے گا بلکہ قومی سطح پر فٹبال کی پہچان کو بھی مضبوط کرے گا۔
جلگاؤں کو ملی بڑی ذمہ داری۔
ویفا نے جلگاؤں کو ریاستی سطحی جونیئر گرلز فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد کی ذمہ داری بھی دی، جو ٢٥ اکتوبر تا ٣١ اکتوبر ٢٠٢٥ تک جلگاؤں میں منعقد ہوگا۔ یہ فیصلہ جلگاؤں کے لئے نہ صرف اعزاز کی بات ہے بلکہ مقامی سطح پر کھیلوں کی فضا کو مزید متحرک کرے گا۔ فاروق شیخ کا یہ اعزاز دراصل ان کی برسوں کی انتھک محنت اور فٹبال کے تئیں ان کی لگن کا نتیجہ ہے۔ جلگاؤں جیسے شہر سے نکل کر ریاستی اور قومی سطح پر شناخت بنانا اس بات کی دلیل ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور محنت خلوص سے کی جائے تو کھیل کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ فاروق شیخ آج صرف ایک شخصیت نہیں، بلکہ جلگاؤں کے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک زندہ مثال ہیں۔
کہ کھیل جذبہ ہے، اور جذبہ ہی اصل جیت کا راز ہے۔




