مہاراشٹرا
فرحان حنیف وارثی کو ’مولانا ابوالکلام آزاد صحافتی اعزاز
اردو صحافت، شاعری اور ترجمہ نگاری کے درخشاں ستارے کا اعتراف

*
خاندیش اردو کونسل کی تہنیت، کیا ادبی و صحافتی خدمات کا شاندار اعتراف.
جلگاؤں (نامہ نگار)
اردو صحافت اور ادبی ترجمہ نگاری کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ممتاز صحافی، مترجم اور شاعر فرحان حنیف وارثی کو حکومت مہاراشٹر کی جانب سے اردو زبان میں سال 2021 _ 2022 کے لیے ریاستی سطح کا بلند پایہ ’مولانا ابوالکلام آزاد پترکارِتا پرسکار‘ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان 24 جون 2025 کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز کے ذریعے کیا گیا، جس میں مراٹھی، ہندی، انگریزی اور اردو کے ممتاز صحافیوں کو مختلف برسوں کے لیے اعزازات سے سرفراز کرنے کی فہرست جاری کی گئی۔اس اعلیٰ اعزاز کے لیے جن صحافیوں کا انتخاب کیا گیا، اُن کی سفارش ایک باقاعدہ ایوارڈ کمیٹی نے کی ،جس کی صدارت مہاراشٹر حکومت کے پرنسپل سیکریٹری اور ڈی جی انفارمیشن برجیش سنگھ نے کی۔ ایوارڈ میں وزیر اعلیٰ مہاراشٹر کے ہاتھوں توصیفی سند، نقد رقم اور ٹرافی پیش کی جائے گی۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ فرحان وارثی کو اس سے قبل 2019 میں بھی یہی ایوارڈ مل چکا ہے۔ اُن کی خدمات صرف صحافت تک محدود نہیں بلکہ وہ اردو کی جدید نظم، ترجمہ نگاری اور ادبی تنقید میں بھی ایک معتبر اور پہچانا ہوا نام رکھتے ہیں۔ان کے ترجمے نہ صرف ہندوستان بلکہ پاکستان کے مؤقر ادبی رسائل جیسے ’نیا ورق "(ممبئی) اور ’تسطیر‘ (پاکستان) میں تواتر سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان کی شاعری کو گوپی چند نارنگ، انور سدید، زبیر رضوی، سید محمد عقیل رضوی اور عذرا عباس جیسے جید ناقدین نے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ان کی اہم مطبوعات میں شامل ہیں:
سورج اچھا بچہ ہے (2011)
ہینگر میں ٹنگی نظمیں (2016)
ممبئی ڈائری (2019)وہ جو خبروں میں تھے (2021)
دریچے کاغذ کے (2022
جن میں سے کچھ کتابیں ای-بک کی صورت میں بھی شائع ہو چکی ہیں۔ ان کی نظموں کا مجموعہ ’ہینگر میں ٹنگی نظمیں‘ کو حکومتِ بہار کی اردو اکیڈمی کی جانب سے پہلا انعام دیا گیا تھا، جب کہ ’ممبئی ڈائری‘ کو اتر پردیش اردو اکادمی اور ’وہ جو خبروں میں تھے‘ کو مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکادمی کی جانب سے ایوارڈز ملے۔فرحان حنیف وارثی کو اس سے قبل بھی کئی معزز ایوارڈز سے سرفراز کیا جا چکا ہے، جن میں شامل ہیں:
ڈاکٹر ہری ونش رائے بچن نیشنل ایوارڈ (2003)
ینگ ٹیلنٹ ایوارڈ – مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی (2015)
مہاراشٹر گورو سمان – راجیہ چترپٹ وبھاگ (2016)
شاستری گورو پرسکار – آل انڈیا شاستری سوشیل فورم نئی دہلی (2018)
خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کے صدر عقیل خان بیاولی، سیکریٹری سعید پٹیل، کوآرڈینیٹر نوشاد حمید اور دیگر تمام اراکین نے اس عظیم اعزاز پر دیرینہ ساتھی فرحان وارثی کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔علم و ادب کے ساتھ موصوف تصوّف میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں ۔