“قلم کار سماج کا قیمتی سرمایہ” "خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کی اعزازی ادبی نشست میں اہلِ قلم کی خدمات کو خراجِ تحسین.”

جلگاؤں (نامہ نگار):
خالص سوچ، سچی بات اور سماجی اصلاح کا بیڑہ اٹھانے والا اہلِ قلم ہر دور میں معاشرے کا قیمتی سرمایہ مانا جاتا رہا ہے۔ خاندیش اردو کونسل کے زیرِ اہتمام منعقدہ اعزازی ادبی نشست میں مقررین نے اسی علمی و فکری وراثت کو خراجِ محبت و خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’قلم کار نہ خوشامد کا خوگر ہوتا ہے، نہ واہ واہی کا طلبگار؛ وہ سچائی کے چراغ جلاتے ہوئے سماج کو نئی فکر عطا کرتا ہے۔‘‘نشست کی صدارت کرتے ہوئے ممتاز فکشن نگار معین الدین عثمانی اور معروف صحافی غلام حسین دیشمکھ راز سلوڑوی نے اہلِ قلم کی قدر و قیمت پر دلنشین خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادیت کے ہنگاموں میں خالص ادبی سرگرمیاں کسی نعمت سے کم نہیں، اور قلم کار ہی وہ طبقہ ہے جو معاشرے کو تہذیبی سمت اور فکری راستہ دیتا ہے۔ ضلع پریشد اسکول صدر مدرس محمد ناصر سلوڑ نے ادب، ادباء اور سماجی رشتے کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ تب سنورتا ہے جب قلم سچ لکھے اور دل حق کے ساتھ دھڑکے۔ فکشن نگار وحید امام نے ادبی محفلوں کے انعقاد اور اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی پر خاندیش اردو کونسل کی موثر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مطالعہ کی اہمیت پر خوبصورت گفتگو کی۔
کونسل کے اغراض و مقاصد صدرِ تنظیم عقیل خان بیاولی نے نہایت جامع انداز میں پیش کیے، جبکہ افتتاحی کلمات کونسل کے سکریٹری اور صحافی سعید پٹیل نے ادا کیے۔ انہوں نے صاحبانِ اعزاز کے خاکے پیش کرتے ہوئے بتایا کہ غلام حسین دیشمکھ راز سلوڑوی گزشتہ تین دہائیوں سے ادب، صحافت اور فنِ شاعری میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ عمران خان جامنیر بطور مدیرِ ہفت روزہ خاندیش نامہ اردو صحافت و ادب کی مضبوط آواز ہیں۔ ساتھ ہی خراج عقیدت مجموعہ نعت کے شاعر ذاکر حسین ذاکر ان شخصیات کو کونسل کی جانب سے شال، سند اور گلدستہ پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔نشست کے دوسرے مرحلہ میں محفل کو روحانی و وجدانی رنگ دیتے ہوئے حافظ شفیق رحمانی نے نہایت دلنشیں انداز میں نعتِ رسول ﷺ پیش کی جس نے ماحول کو نورانی فضاء میں ڈھال دیا۔ اس کے بعد سعید پٹیل نے اپنا افسانہ ’’واچ مین‘‘ سنایا جبکہ راز سلوڑوی نے غزل پیش کرکے محفل میں گرمیء احساس پیدا کر دی۔
اس موقع پر شہر کی ممتاز تعلیمی شخصیت الحاج شیخ حسن نور محمد اور معروف قاری و استادِ قرآن حافظ صابر رضا برکاتی، ان کی دختر اور بھانجی (زیرِ تربیت علومِ دینیہ) کے انتقال پر کونسل کی جانب سے تعزیتی قرارداد پیش کی گئی اور مرحومین کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اس لمحے محفل پر ایک گہرا روحانی سکون طاری ہو گیا۔ نظامت کے فرائض حافظ عبدالرحیم پٹیل نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ محفل میں ضلع پریشد اورنگ آباد کے صدرِ معلم محمد ناصر، قاضی سیدقمر الدین سلوڑ اور حافظ غفران بطور مہمانِ خصوصی شریک رہے۔
نشست کی کامیابی میں کنوینر نوشاد حمید کی رہنمائی میں ڈاکٹر شعیب سعید ، جنید شیخ، ثاقب سعید پٹیل ، عاصم خان ، گڈو دیشمکھ اور دیگر اراکین نے اہم کردار ادا کیا۔ قبل ازیں گوشہ ادب کی اس نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالرحیم پٹیل نے حاصل کی۔




