مالٹیکڑی روڈ پر حیدرباغ گلی نمبر 2 میں نصب لوہے کی کمان فوری ہٹائی جائے: بشیر لالا کا مطالبہ

ناندیڑ، 13 مارچ — شہر کے مالٹیکڑی روڈ پر واقع حیدرباغ گلی نمبر 2 میں بغیر کسی ضرورت کے نصب کی گئی لوہے کی کمان عوام کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی ہے۔ سماجی کارکن شیخ بشیر لالا نے اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ایک تحریری درخواست دے کر اس کمان کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے مکتوب میں شیخ بشیر لالا نے کہا کہ مذکورہ لوہے کی کمان میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نصب نہیں کی گئی بلکہ علاقے کے چند افراد نے بغیر اجازت اسے لگا دیا ہے۔ اس کمان کی وجہ سے جنازہ لے جانے میں شدید دشواری پیش آتی ہے اور ایمبولینس کو بھی گلی میں داخل کرنا ممکن نہیں رہتا، جس کے باعث عوام کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیگلور ناکہ کے علاقے میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے، اس لیے اسپتال جانے کے لیے یہ راستہ قریب اور نسبتاً کم مصروف ہونے کی وجہ سے استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم لوہے کی اس کمان کی وجہ سے ایمبولینس اور اسکول بسوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے، لہٰذا اسے فوری طور پر ہٹایا جانا ضروری ہے۔
شیخ بشیر لالا نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اسی سڑک پر تقریباً 20 اسپیڈ بریکر بھی بغیر اجازت بنائے گئے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ اسی راستے کی ایک دوسری گلی میں “مائی فٹنس جم” کے نام سے جم شروع کیا گیا ہے، مگر جم کے مالک نے پارکنگ کی کوئی مناسب سہولت فراہم نہیں کی۔
جم آنے والے افراد اپنی گاڑیاں سڑک کے دونوں جانب کھڑی کر دیتے ہیں جس سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ خاص طور پر اسکول جانے والے طلبہ اور ایمبولینس کو گزرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ شیخ بشیر لالا نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے نہ صرف لوہے کی کمان فوری ہٹائی جائے بلکہ غیر قانونی اسپیڈ بریکر بھی ختم کیے جائیں اور ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی اس جم کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔




