مسٹراینڈ مس میتھمیٹکس امتحان بحسن وخوبی مکمل


اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) ناندیڑ ڈسٹرکٹ کے تحت ارتفاء ایجوکیشن فیسٹ 2.0 میں منعقد ہونے والا مسٹر اینڈ مس میتھمیٹکس امتحان نہایت کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ امتحان ایس ایس سی دہم کے نصاب اور بورڈ پیٹرن پر مبنی تھا۔
اس امتحان کا مقصد طلبہ کی ریاضیاتی صلاحیتوں کو پرکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں آنے والے 10th بورڈ امتحانات کے لیے تیار کرنا تھا، تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ بورڈ امتحان کس انداز میں لیا جاتا ہے اور اپنے آپ کو بہتر انداز میں تیار کر سکیں۔ اس ٹیسٹ نے طلبہ کو حقیقی امتحانی ماحول کا عملی تجربہ فراہم کیا۔
امتحان ضلع کے پانچ مراکز پر منعقد ہوا:
مولانا آزاد اسکول، کھڑکپورہ (ناندیڑ)۔
یوسفیہ اردو ہائی اسکول، پیر بورہان (ناندیڑ)
اقرأ ہائی اسکول، حیدر باغ (ناندیڑ)
بھوکر سینٹر
اَردھاپور سینٹر
تمام مراکز پر SIO کے ممبرز نے نظم و ضبط، رجسٹریشن، پیپر ڈسٹریبیوشن اور بیٹھک کے انتظامات کو بہترین انداز میں انجام دیا۔ طلبہ کی وقت کی پابندی اور امتحانی ترتیب کو خصوصی طور پر یقینی بنایا گیا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس امتحان میں ضلع کے مختلف حصوں سے 700 سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جس سے پروگرام کی مقبولیت، والدین کے اعتماد اور طلبہ کے تعلیمی جوش کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
والدین، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ نے اس علمی اقدام کو بے حد سراہا ہے۔ SIO ناندیڑ ڈسٹرکٹ کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی طلبہ کی رہنمائی کے لیے اسی طرح معیاری اور فائدہ مند تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔




