ایجوکشن
مقاصد کے مد نظر محنت میں کامیابی کا حصول۔۔۔ گوہر حسن، ڈپٹی کمشنر آف پولیس کا اظہار خیال

شولاپور(محمد مسلم کبیر)طلباء اگر اپنے تعلیمی دور میں ایک واضح مقصد اور نصب العین رکھ کر محنت کریں، تو وہ اپنی منزل ضرور حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ بات سولاپور کے نو منتخب ڈپٹی کمشنر آف پولیس جناب گوہر حسن نے کہی۔ وہ یہ کلمات کل هند اردو ادبی کانفرنس سولاپور کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہونہار طلباء کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ تہنیت کے صدر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے تھے۔
اس تہنیتی اجلاس کے مہمانِ خصوصی سولاپور میونسپل کارپوریشن کے کمشنر جناب سچن امباسے تھے۔ گوہر حسن نے مزید کہا کہ زندگی میں بڑا بننے کے لیے دیانت داری، محنت، عزم اور ثابت قدمی کی ضرورت ہوتی ہے۔
مہمانِ خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر سچن امباسے نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے، اور آج کے ڈیجیٹل دور میں تعلیم کے بغیر طلباء کے لیے آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ تعلیم کے ساتھ مثبت سوچ اور سخت محنت بھی ضروری ہے، بصورتِ دیگر وہ مقابلے کی دوڑ
میں پیچھے رہ جائیں گے۔
اُردو ادبی کانفرنس کی جانب سے شہر کے مختلف سیکنڈری اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں اول و دوم پوزیشن حاصل کرنے والے کامیاب طلباء کو مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں یادگاری نشان، تعریفی اسناد اور انعامات دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کا تعارف پروفیسر ریاض ولسنکر نے پیش کیا اور ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ سابق میئر اور ادارے کے صدر ایڈوکیٹ یو۔این۔بیریا کے ہاتھوں مہمانانِ خصوصی کا استقبال کیا گیا۔
پروگرام کی نظامت اشفاق ساتکھيڈے نے کی۔
اس تقریب میں رفیق نلّا بندو، پروفیسر ہارون بندوق والا، محمد حسین بخشی، ناصر آلندکر، رفیق خان، اقبال سید، عرفان کاریگر و دیگر شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کے اختتام پر محمد شفیع کیپٹن نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔




