ملت نگر اباسی مسجد کے پاس سڑک کی خستہ حالی سے عوام کی مشکلات میں اضافہ

ناندیڑ: (نمائندہ خصوصی) ملت نگر، اباسی مسجد کے قریب بننے والی ڈرینج لائن کی کھدائی نے علاقے کے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ بارش کی آمد کے ساتھ ہی سڑک کی خستہ حالی اور کیچڑ سے بھری گلیوں نے مقامی آبادی کی روزمرہ کی زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ڈرینج لائن کے لیے کھدائی تو کر دی گئی، لیکن اس کے بعد راستوں کی مرمت کا کوئی کام نہیں کیا گیا۔ جیسے ہی بارش ہوتی ہے، پانی کھڑے ہونے کی وجہ سے سڑک پر چلنا محال ہو جاتا ہے۔ بچوں کو اسکول جانا مشکل ہو گیا ہے اور بزرگوں کے لیے بھی چلنا ناممکن ہو گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ٹھیکیدار اور میونسپل انتظامیہ کو اس صورت حال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کام وقت پر مکمل کیا جاتا اور راستے دوبارہ درست کیے جاتے، تو آج انہیں ان مصیبتوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل انتظامیہ فوری طور پر نوٹس لے اور ٹھیکیدار کو پابند کرے کہ راستے کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔