ملت نگر میں عوام کا احتجاج؛ نالیوں کی صفائی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو یادداشت پیش

اندیڑ، 4 اگست– ناندیڑ شہر کے ملت نگر علاقے میں پچھلے کئی دنوں سے نالیوں کی حالت نہایت خستہ ہے، جس کے سبب گندگی اور بدبو پھیل رہی ہے۔ اس پس منظر میں آج علاقے کے مقامی شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس یادداشت کے پیچھے ناندیڑ جنوبی حلقے کے رکن اسمبلی بالاجی کلینکر کی ہدایت شامل تھی۔ ان کی ہدایت کے بعد میونسپل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات دیے۔
اس کے بعد میونسپل کارپوریشن کے افسرتڈوی صاحب، ان کے معاونین، ضیاء ، اور سابق کارپوریٹر عبدالرحیم صاحب نے ملت نگر کا معائنہ کیا۔
اس معائنے کے دوران ملت نگر کے سرکردہ سماجی کارکنان شیخ عبد الوحید، امجد بھائی عبد الرؤف، سراج بھائی پاشا، مولانا رفیق مستری، وسیم بھائی سمیت کئی مقامی شہری موجود تھے۔ شہریوں نے اپنی شکایات تفصیل سے افسران کے سامنے رکھیں اور صحت عامہ کے لیے پیدا ہو رہے خطرات کی طرف توجہ دلائی۔
معائنے کے بعد تڈوی نے یقین دہانی کرائی کہ کل ‘آس کالونی’ میں JCB مشین کی مدد سے نالیوں کی کھدائی اور مکمل صفائی کی جائے گی، اور ان نالیوں پر دوا کا چھڑکاؤ بھی کیا جائے گا تاکہ بدبو اور مچھروں کی افزائش پر قابو پایا جا سکے۔
مقامی لوگوں نے اس فوری ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ یہ کارروائی صرف ایک بار کی نہ ہو، بلکہ باقاعدگی سے کی جائے تاکہ علاقہ صاف ستھرا اور بیماریوں سے محفوظ رہے۔




