ملت نگر میں نئی پانی کی ٹانکی اور پائپ لائن بچھانے کے کام کا آغاز

ناندیڑ 18 جون (حیدر علی): ناندیڑ شہر کے وارڈ نمبر 11 کے ملت نگر میں عباسی مسجد کے سامنے نئی پانی کی ٹانکی کی تعمیر کا کام آج سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا۔ یہ ٹانکی 10 لاکھ لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے امرت یوجنا-2 کے تحت 2022 میں میونسپل کارپوریشن کی جنرل باڈی اجلاس میں منظور کیا گیا تھا۔وارڈ نمبر 11 کے مختلف علاقوں ملت نگر، عبید کالونی، ہارون باغ، ممتا کالونی، یوسف کالونی، لکشمی نگر، اسلام پورہ، اکبری مسجد ایریا، مظہر کالونی، حبیب کالونی، مرشد کالونی وغیرہ میں پانی کی سربراہی ناکافی ہو رہی تھی۔ پرانی ٹانکی سے ان تمام علاقوں کو پانی دیا جا رہا تھا لیکن آبادی میں اضافے کے بعد وہ ٹانکی ناکافی ثابت ہو رہی تھی۔ اسی کے ساتھ کچھ علاقوں میں پانی کی پائپ لائن ہی موجود نہیں تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو روزانہ دقتوں کا سامنا تھا۔
اس اہم مسئلے کے حل کے لیے سابق کارپوریٹر اور ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے سابق ڈپٹی میئر جناب مسعود احمد خان، سابق کارپوریٹر سید شیر علی، عبدالحبیب باغبان، بابو خان گتے دار اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر رحیم احمد خان نے مستقل محنت کی اور میونسپل کارپوریشن میں بارہا نمائندگی کی۔ ان ہی کی کوششوں کے نتیجے میں آج اس پروجیکٹ پر عملی کام کا آغاز ہو گیا۔ آغاز کے موقع پر عالم دین مولانا سعد عبداللہ صاحب کی دعا سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد جے سی بی مشین سے کھدائی کا کام شروع کیا گیا۔ اسی کے ساتھ جن علاقوں میں پانی کی پائپ لائن موجود نہیں تھی وہاں بھی پائپ لائین بچھانے کا کام آج سے شروع کر دیا گیا ہے۔
اس اہم کام کے آغاز پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر علاقے کی معزز شخصیات جیسے ایوب خان، رفیق پٹھان، مولانا صادق، شیخ صابر، عبدالرؤف، سید جانی، شیخ بشیر، عبدالصمد، فرید بھائی، رشید شاہ، سید عمران، مومن سر، عبدالستار روشن گتے دار، عبدالخلیل، شیخ جلیل، شیخ احمد (بور والے) ، شبیر بھائی،وحید بھائی،مصطفی بھائی اور دیگر افراد موجود تھے۔ عوام نے سابق کارپوریٹروں اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے آج یہ ضروری کام شروع ہو سکا۔