منگلورو میں بجرنگ دل کے سابق کارکن کا قتل، کشیدگی میں اضافہ – امتناعی احکامات نافذ

منگلورو، 4 مئی ) کرناٹک کے ساحلی شہر منگلورو میں جمعرات کی رات پیش آئے ایک قتل کے واقعے نے علاقے میں کشیدگی کی فضا پیدا کر دی ہے۔ بجرنگ دل کے سابق کارکن سہاس شیٹی کو نامعلوم افراد نے حملہ کرکے ہلاک کر دیا۔ اس واقعہ کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر شہر کے بعض حصوں میں امتناعی احکامات نافذ کر دیے ہیں اور اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، سہاس شیٹی کو منگلورو کے بیچ سڑک پر چاقوؤں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔ واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس نے عوامی حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات جاری ہیں اور قتل کی وجوہات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، سہاس شیٹی کا نام 2022 میں 23 سالہ محمد فاضل کے قتل کیس میں کلیدی ملزم کے طور پر سامنے آیا تھا۔ اسی تناظر میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر انتقامی کارروائی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
واقعہ پر بی جے پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور کہا کہ کرناٹک میں قانون و نظم کی صورتحال تشویشناک ہے۔ کئی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس قتل کی تحقیقات مرکزی ایجنسی کے سپرد کی جائے۔
یاد رہے کہ سہاس شیٹی منگلورو کی سیاست میں ایک متنازعہ شخصیت تصور کیا جاتا تھا۔ اس کے خلاف پانچ فوجداری مقدمات درج تھے، اور پولیس کے ریکارڈ میں وہ ایک "روڈی شیٹر” کے طور پر بھی شناخت کیا گیا تھا۔